قومی جذبے کے تحت کام کرنے سے ہی پولیو کے مرض کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے، ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ

جمعہ 17 فروری 2017 23:38

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کاشف علی ٹیپو نے کہا ہے کہ قومی جذبے کے تحت کام کرنے سے ہی پولیو کے مرض کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیو کے خاتمے کے متعلق ضلعی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں گذشتہ پولیو رائونڈ پر غور و خوص کرتے ہوئے آئندہ پولیو رائونڈ کے متعلق حکمت عملی تشکیل دے دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کے اندر ایک روز سے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے کے لیے 27 فروری سے 2 مارچ تک جاری مہم کو کامیاب بنایا جائے تاکہ کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے سے رہ نہ جائے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ جو عملہ پولیو ڈیوٹی سے غیر حاضر رہے اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کو بھی یقیبنی بنائیں۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر عبدالواحد ٹگڑ نے بتایا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے 812 ٹیمیں تشکیل دیئے جائیں گے جن میں سے 679 موبائل ٹیمیں، 82 فکسڈ پوائنٹ اور 51 ٹرانزٹ پوائنٹس ٹیمیں شامل ہیں جو ضلع کے تمام شہروں، دیہات، اسپتالوں، بس اسٹینڈس، بازاروں اور عام مقامات پر پانچ سال عمر تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائیں گے۔ اجلاس میں ڈی ایچ او، روینیو افسران، یونیسیف، پولیس، صحت، ایجوکیشن، ڈبیلو ایچ او اور این جی اوز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :