سیہون بم دھماکے میں شہید لاڑکانہ ضلع سے تعلق رکھنے والے 10 افراد کی لاشیں چانڈکا اسپتال منتقل، 26 زخمیوں میں سے 15 کو طبی امداد دے کر فارغ کردیا گیا

جمعہ 17 فروری 2017 23:38

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) سیہون بم دھماکے میں شہید لاڑکانہ ضلع سے تعلق رکھنے والے 10 افراد کی لاشیں چانڈکا اسپتال منتقل، 26 زخمیوں میں سے 15 کو طبی امداد دے کر فارغ کیا گیا، 11 زخمیوں کا علاج جاری۔ تفصیلات کے مطابق سیوہن میں جمعرات کی شام ہونے والے بم دھماکے میں شہید ہونے والے لاڑکانہ شہر کے اللہ آباد کے رہائشی فیاض ویسر، نجیب شیخ، خدا آباد علاقے کے رہائشی سہیل شیخ، بھینس کالونی کے رہائشی ضمیر کھوکھر اور اس کا 18 ماہ کا بھائی سمیر عرف دلاور، نوڈیرو کے رہائشی پیرل خاصخیلی اور بشیر کھوڑو سمیت بم دھماکے میں خاتون کی پیٹ میں شہید ہونے والا دو ماہ کا بچہ بھی شامل ہے جبکہ 26 زخمی جن میں تحصیل باقرانی کے رہائشی سکندر جتوئی اس کے دوست فرحان علی کلہوڑو، روجہان جمالی کے رہائشی شاہنواز سیانچ، ضمیر احمد سیانچ، منظور علی سیانچ، نبن سیانچ، تحصیل قمبر کے امین جلبانی، تحصیل لاڑکانہ کے امیران خاتون کھوکھر، شیر محمد گاد، وزیر علی گاد، عامر علی کیہر، دلبر شاہ، علی محسن نقوی، شوکت علی ترک، غلام علی ویسر، شبانہ چانڈیو، سعید احمد چانڈیو، جعفرآباد کے رہائشی عبدالجبار سیانچ، مشتاق احمد کندرانی، سیف اللہ کندرانی، جھٹ پٹ کے سیفل جکھرانی، رتوڈیرو کا رہائشی آصف علی منگی، میروخان کا رہائشی غلام حسین چنہ، عبدالواحد ابڑو، سجاول جونیجو کی رہائشی خاتون شبانہ چانڈیو، وارہ کا رہائشی سعید احمد چانڈیو شامل ہیں جن میں سے 15 کو طبی امداد دے کر فارغ کیا گیا جبکہ 11 زخمیوں کا علاج جاری ہے۔

(جاری ہے)

چانڈکا اسپتال کے میڈیکل سپریڈنٹ ڈاکٹر جاوید شیخ کے مطابق سیوہن بم دھماکے میں شہید ہونے والے 10 افراد کی لاشیں اسپتال پہنچائی گئی پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کی گئی ہیں جبکہ 26 زخمیوں میں سے 15 کو طبی امداد دے کر فارغ کیا گیا ہے اور 11 زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیوہن میں ہونے والے بم دھماکے کے دوران ایک خاتون کے پیٹ میں سے دو ماہ کا بچہ بھی شہید ہوا ہے جبکہ اس کی شناخت نہ ہوسکی ہے جبکہ بچے کے اجزائے لے کر ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے لیباریٹری بھیجے جاچکے ہیں تاکہ بچے کے ورثا اگر رابطہ کریں تو انہیں بچے کے متعلق معلومات دی جاسکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چانڈکا اسپتال کی جانب سے بروقت سیوہن ایمبولینسز، ڈاکٹر اور دیگر عملے کو روانہ کیا گیا تھا، ہمارے اسپتال میں ڈاکٹروں اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے ایمرجنسی لگادی گئی ہے جبکہ زخمیوں کو بہتر علاج فراہم کرنے کے لیے تمام تر سہولیات بھی بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :