ایڈلجی ڈنشاروڈ، چریا چوک، کے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس اور ملحقہ علاقے سے تجاوزات ختم کرکے پورے علاقے کو خوبصورت بنایا جائیگا، میئر کراچی

جمعہ 17 فروری 2017 23:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ ایڈلجی ڈنشاروڈ، چریا چوک، کے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس اور ملحقہ علاقے سے تجاوزات ختم کرکے پورے علاقے کو خوبصورت بنایا جائے گا۔ ایڈلجی اسٹریٹ پر سیوریج لائن سے رسائو کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سے رابطہ کیا گیا ۔نہر خیام کی توسیع کا کام جاری ہے۔

تجاوزات کے خاتمے کے لئے کسی دبائو کو قبول نہیں کریں گے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کی سہ پہر نہر خیام ،کسٹم ہائوس،چریا چوک اور دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہی، اس موقع پربلدیہ شرقی کے چیئرمین معید انور، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز شہاب انور، ڈائریکٹر جنرل پارکس آفاق مرزا، سینئرڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ڈائریکٹر محکمہ ٹیکنیکل سروسز نایاب سعید اور افسران بھی موجود تھے جبکہ قبل ازیں کسٹم ہائوس کراچی پہنچنے پرچیف کلکٹر کسٹم زاہد کھوکھر، ڈائریکٹر جنرل ٹرانزٹ جاوید غنی،کلکٹر کسٹم سیف الدین جونیجو، کلکٹر کسٹم سید محمد طارق ہدیٰ نے میئر کراچی کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

چیف کلکٹر کسٹم زاہد کھوکھر نے میئر کراچی وسیم اختر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پورے ملک کا 42 فیصد ریونیو کراچی کا کسٹم ہائوس جمع کرتا ہے اور پورے ملک کا 25 سی30 فیصد GDP کسٹم ہائوس کراچی فراہم کر رہا ہے۔ چریا چوک کو خوبصورت اور دلکش بنانے کے لئے ساڑھے 4 کروڑ روپے کی لاگت سے اسے پرسکون چوک میں تبدیل کیا جا رہاہے۔ کنسلٹنٹ شاہد عبداللہ نے میئر کراچی وسیم اختر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نہر خیام کے ساتھ گزرنے والی سڑک کی توسیع کی جائے گی، فٹ پاتھ بنائے جائیں گے اور بیٹھنے کے لئے بینچیں لگائی جائیں گی۔

میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے پیچھے ایک طاقتور مافیا کام کررہی ہے جس کے باعث تجاوزات ہٹائے جانے کے بعد دوبارہ قائم کرلی جاتی ہیں انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ انسداد تجاوزات مختلف علاقوں میں تجاوزات کو ہٹانے کے لئے سرگرم عمل ہے مگر بعض عناصر کی سرپرستی کے باعث تجاوزات دوبارہ قائم کرلی جاتی ہیں، انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے شہری بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں جو تجاوزات قائم کرکے شہر کو بدنما کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں آبادی کا دبائو بہت زیادہ ہے اور پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد روزگار کے سلسلے میں کراچی آتے ہیں جس کے باعث اس شہر کے مسائل میں بے پناہ اضافہ بھی ہوا ہے انہوں نے کہا کہ کراچی کی جانب سے جتنا ٹیکس وفاق کو دیا جاتا ہے اس سے بہت کم کراچی پر خرچ ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ مسائل میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ اختیارات اور فنڈز کا نہ ہونا کراچی کی تعمیر و ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے، اختیارات اور فنڈز اپنے پاس رکھنے کے شوق کی سزا کراچی کے شہری بھگت رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :