صارفین اور شہریوں کی سہولت اور واٹربورڈ کے ریونیو میں اضافے کے لئے واٹربورڈ کی ویب سائٹ کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے، ایم ڈی

جمعہ 17 فروری 2017 23:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فریدنے کہا ہے کہ صارفین اور شہریوں کی سہولت اور واٹربورڈ کے ریونیو میں اضافے کے لئے واٹربورڈ کی ویب سائٹ کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے جس کی بدولت شہری جدید ٹیکنالوجی کے ثمرات سے مستفیض ہوتے ہوئے واٹربورڈ سے متعلق اہم معلومات نہ صرف حاصل کرسکیں گے بلکہ اس کے ذریعے ان کی شکایات کا فوری ازالہ ممکن ہوگا اور انہیں ان کے واجبات کی بابت معلومات بھی دستیاب ہوں گی،اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے ، تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ نے اعلیٰ حکام کے نام ایک فوری مکتوب میں انہیں ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر واٹربورڈکی ویب سائٹ کو اپ ڈیٹ کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ ویب سائٹ کی تیاری میں واٹربورڈ کے آئی ٹی ماہرین عبدالصمد،پروگرام افسر عاطف ،دانش اور کاشان تیزی سے ویب سائٹ کو اپ ڈیٹ کررہے ہیں جلد ہی ویب سائٹ کو لانچ کردیا جائے گا ویب سائٹ کو موجودہ تقاضوں کے مطابق بنانے کیلئے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس کے کنوینئر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر پلاننگ و فنانس مشکور الحسنین ہوں گے جبکہ ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی معراج الدین کو ڈپٹی کنوینئر بنایا گیا ہے انہوں نے تمام شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر اپنے شعبہ کا نمائندہ منتخب کریں جو روزانہ کی بنیاد پر ان کے شعبہ جات سے متعلق تازہ خبریں اور اطلاعات ویب ٹیم کو فراہم کرے گا ، انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ریونیو میں اضافے اور اس سلسلے میں صارفین کو درست اور تازہ معلومات کے لئے ٹیکس سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی جبکہ ای بلنگ اور ای میٹرنگ ،کنکشن سے متعلق پورا ڈیٹا ویب سائٹ پر موجود ہوگا ،انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کو دیگر ذرائع کے علاوہ ویب سائٹ کے ذریعے بھی واٹربورڈ کے متعلق خبریں ،تصاویر اور ویڈیو کلپ بھی مہیا کئے جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ واٹربورڈ جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہونے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کرے گا ۔