آگ اور خون کا کھیل کھیلنے والے پاکستانی قوم کے جذبے کو سرد نہیں کر سکتے، عرفا ن صدیقی

پاکستان کی ترقی اور مثبت تشخص اجاگر کرنے کا جذبہ مزید بڑھے گا مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کی پی این سی اے میں تین روزہ ، میلے کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعہ 17 فروری 2017 23:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی تازہ لہر نے پاکستانی قوم میں اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا ایک نیا جذبہ بیدار کیا ہے۔ معصوم افراد کا لہو بہانے والوں کے خلاف پوری قوم نظریاتی، تہذیبی اور ثقافتی اقدار کے محاذ پراپنے پختہ عزم پر کاربند رہتے ہوئے آگے بڑھے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی ای) میں جمعہ کو تین روزہ ثقافتی میلہ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عرفان صدیقی نے ملک میں ہونے والی دہشت گردی میں متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی تازہ لہر کا مقصد یہ دکھائی دیتا ہے کہ پاکستانی قوم میں ایک نئی روح اور جو جذبہ بیدار ہوا ہے اور آگے بڑھنے کا جو ایک نیا احساس پیدا ہوا ہے اسے کچل دیا جائے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہماری زندگیوں کے ساتھ آگ اور خون کا کھیل کھیلنے والے ہماری قوم کے جذبے کو سردنہیں کر سکتے ۔ ایسے واقعات کے نتیجے میں پاکستان کی ترقی اور اس کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کا جذبہ مزید بڑھے گا۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ پی این سی اے میں ملک بھر سے آنے والے ہنر مندوں کی موجودگی اس امر کی علامت ہے کہ پاکستان کے لوگ زندہ جذبوں کے امین ہیں۔

قبل ازیں مشیر وزیر اعظم نے فیتہ کاٹ کر میلے کا افتتاح کیا اور مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور وہاں موجود لوگوں سے گفتگو کی۔ عرفان صدیقی چینی ہنر مندوں کے سٹال پر بھی گئے اور وہاں موجود چینی شہریوں سے ملے۔ اس موقع پر قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری مشہور احمد مرزا اور پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل جمال شاہ بھی موجود تھے۔