سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نوجوان نسل کے ذہن میں جمہوری نظام کو غیر موثر اور سیاست دانوں کے نااہل ہونے کا تاثر پروان چڑھانے کی دانستہ کوششیں کی گئیں ،رضاربانی

طلباء و طالبا ت سینٹ ، جمہوریت او ر آئین پاکستان کے سفیر کے طور پر کام کریں سینٹ میں انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے گروپ کو سرٹیفکیٹس دینے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 17 فروری 2017 23:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نوجوان نسل کے ذہن میں جمہوری نظام کو غیر موثر اور سیاست دانوں کے نااہل ہونے کا تاثر پروان چڑھانے کی دانستہ کوششیں کی گئیں ۔جمہوریت اور پارلیمان کے کردار کو محدود کرنے کی یہ کوششیں اب بھی جاری ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے سینٹ میں انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے گروپ کو سرٹیفیکٹس دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنہوں نے جمعہ کے روزایوان بالاء میں اپنی انٹرن شپ مکمل کی ۔

اس پروگرام میں 12مختلف جامعات کے 44طلباء و طالبات شامل تھے۔میاں رضاربانی نے کہا کہ انٹرن شپ پروگرام نوجوان نسل کو پارلیمان اور جمہوری نظام سے متعلق آگاہی دینے کے لیے شروع کیا گیا اور اس کے ذریعے سے ہمیں نوجوان نسل کے خیالات اور تصورات سے استفادہ کا بھی موقع ملا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے کہ سینیٹ نے پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے درمیان توازن لانے کیلئے قرارداد پاس کی ہے تاکہ صوبائی اکائیوں کی صحیح معنوں میں نمائندگی اور وفاقیت کے نظام کی حقیقی ترجمانی ہوسکے ۔

انہوں نے کہا کہ ا س قرارداد کے ذریعے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس کے دوران قومی اسمبلی کی عددی اکثریت اور ایوان بالاء کے ووٹوں میں توازن لانے پر زور دیا گیاہے۔ انہوں نے انٹرن شپ مکمل کرنے والے طلباء و طالبا ت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سینٹ ، جمہوریت او ر آئین پاکستان کے سفیر کے طور پر کام کریں گے۔ قبل ازیں سیکرٹری سینٹ امجد پرویز ملک نے کہا کہ نوجوان نسل کے تازہ افکار سے سینٹ کے امور کو مزید زیادہ موثراور بہتر انداز میں انجام دینے میں معاونت ملی ہے اور یہ پروگرام مستقل طور پر پارلیمانی امور کی بہتری میں کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انٹرن شپ مکمل کرنے والے طلباء و طالبات نے کہا کہ ان کی عملی زندگی میں سینٹ کے زیر اہتمام یہ ٹریننگ انتہائی کار آمد ثابت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :