تعلیمی درسگاہوں میں قوم کا مستقبل پروان چڑھتا ہے ان کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات کی فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے

رکن پنجاب اسمبلی چودھری محمد اکرام کا تقریب سے خطاب

جمعہ 17 فروری 2017 23:35

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) رکن پنجاب اسمبلی چودھری محمد اکرام نے کہا ہے کہ تعلیمی درسگاہوں میں قوم کا مستقبل پروان چڑھتا ہے ان کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات کی فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے ‘ ہونہار طالب علموں کیلئے اربوں روپے کے سکالر شپ، میرٹ پر لیب ٹاپس کی تقسیم،دنیا کی بہترین جامعات کے مشاہداتی دورے اور وہاں پر اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے انڈوومنٹ فنڈز کی فراہمی کے علاوہ کھیلوں ، فنون لطیفہ اورادبی مقابلوں کا انعقاد اور کروڑوں کے انعامات کی تقسیم حکومت کی تعلیم دوست پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین حاجی پورہ سیالکوٹ میں بچیوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے اپنی ذاتی گرہ سے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کا افتتاح کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

پرنسپل پروفیسر شگفتہ نقوی،غلام میراں چیمہ، میاں یاسراور شہزاد خلجی بھی موجود تھے ۔ ایم پی اے چودھری محمد اکرام نے طالبات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ حصول تعلیم پر مرکوز رکھیں اور تعلیم کے اعلیٰ زیور سے خود کو آراستہ کریں ۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم کے بغیر ملکی تعمیرو ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض منصبی قومی جذبہ کے تحت انجام دیں ۔