سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن کی لعل شہباز قلندر کے مزار پر خودکش دھماکہ کی مذمت

جمعہ 17 فروری 2017 23:33

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے سہیون میں حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار کے احاطے میں خودکش حملے کے نتیجے میں 88 سے زائد افراد کے جاں بحق اور200سے زائد کے زخمی ہونے کے افسوسناک واقعہ پر شدید رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں بے گناہ معصوم زائرین، بچوں، مرد، خواتین کی شہادت افسوسناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،پے در پے دہشتگردی کے واقعات پرپو ری قوم افسردہ اور غمگین ہے۔

درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر کو نشانہ بنا کر خون بہانے والے دہشتگرد عناصر انسان کہلانے کے بھی لائق نہیں، حکومت دہشتگرد عناصروں کا قلع قمع کرنے کیلئے ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھاتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر ایس ڈی اے کے رہنمائوں مولانا عبیداللہ بھٹو، غلام مصطفی پھلپوٹو ، دوا خان، ڈاکٹر انیس الرحمن، ڈاکٹر سعید اعوان، پرویز چنہ، رضوان قادری، شاہ محمد انڈھڑ، شریف ڈاڈا، شکیل قریشی،عبدالجبار، اصلاح الدین، سیدماجد شاہ، آغا محمد اکرم، ظہیر بھٹی، منیر میمن، حبیب ناصر، صداقت خان،و دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ اولیاء کرام، صوفیائے کرام، بزرگان دین نے ہمیشہ پیار محبت اور امن کا درس دیا ہے، دہشتگرد عناصروںنے اولیاء کرام کے مزارات کو بھی نشان بناکر بدترین درندگی کی جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ان کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ملک کی پوری قوم لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بڑھتی ہوئی دہشتگردی کی لہر کے خاتمے کیلئے ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس موقع پر انہوں نے دھماکے کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کے جاںبحق ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور مغفرت کی دعا کرتے ہوئے دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحت یاب کیلئے بھی دعاکی گئی۔