شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع سکھر‘ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر خودکش دھماکے کیخلاف پر امن احتجاجی ریلی کا انعقاد

جمعہ 17 فروری 2017 23:33

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع سکھر، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سکھر ڈویژن کی جانب سے سانحہ حضرت قلندر لعل شہباز کی درگاہ پر دھماکے کے خلاف جامع حسینی مسجد ملٹری روڈ سے سٹی پوائنٹ تک پر امن احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے تھے۔

مظاہرے کی قیادت شیعہ علماء کونسل ضلع سکھر کے سیکریٹری جنرل علامہ ریاض حسین روحانی، مولانا طالب حیدر قمی، برادر کاشف حسین مہر سمیت دیگر نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان میں پانچ دنوں میں 8دل دہلادینے والے واقعات رونما ہوئے جن میں سینکڑوں بے گناہ جانوں کا ضیاع ہوا، مرد، خواتین، بچے، جوان ، بوڑھے ان واقعات میں شہید ہوئے اب ان کے لواحقین کا کون پرسان حال ہے، اب تک وفاقی یا صوبائی حکومت کے سروں میں جوں تک نہیں رینگی کیونکہ ان واقعات میں شہید ہونے والے ان حکمرانوں کے عزیز واقارب یا رشتے دار نہیں تھے، گزشتہ روز حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر ہونے والے دھماکے میں 86افراد کے شہید ہونے اور250 سے زائد زخمی ہوئے جوکہ افسوسناک ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ دھرتی اولیاء کرام کی دھرتی ہے ، لعل شہباز قلندر نے سندھ کی دھرتی پر محبت کا درس عام کیا ہے، جن دہشتگردوں نے اس عظیم درگاہ میں دھماکہ کیا ہے انہوں نے واضح کردیا ہے کہ ان کا تعلق نہ تو اسلام سے ہے اور نہ ہی انسانیت سے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب وزیراعلیٰ سندھ اپنے شہر میں ہی امن وامان کی فضا بحال کرانے میں ناکام ہوچکے ہیں تو سندھ میں کیا امن کروائیں گے ، ۔ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جودہشتگرد اور ان کے سہولت کار اس واقعے میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

متعلقہ عنوان :