حکومت نے فرٹیلائزر سیکٹر کیلئے مختص سبسڈی کی دوسری قسط جاری کردی

کاشتکاروں کی فلاح کیلئے اٹھائے گئے اس اقدام سے یوریا اور فاسفیٹ سمیت کھاد کی مختلف اقسام کی قیمتوں میں کمی متوقع

جمعہ 17 فروری 2017 23:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء)حکومت پاکستان کی جانب سے سال2016-17کے وفاقی بجٹ میں فرٹیلائزر سیکٹر کیلئے سبسبڈی کی مد میں مختص کی گئی رقم کی دوسری قسط جاری کردی گئی ہے۔وفاقی حکومت کی جانب سے کاشتکاروں کی فلاح کیلئے اٹھائے گئے اس اقدام سے یوریا اور فاسفیٹ سمیت کھاد کی مختلف اقسام کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے ۔

وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں فرٹیلائزر سیکٹر کیلئے سبسڈی کی مد میں27ارب روپے کی رقم مختص کی تھی جبکہ سبسڈی کی اس رقم کے علاوہ فرٹیلائزر پر عائد جی ایس ٹی کی شرح کو بھی 17فیصد سے گھٹا کر5فیصد کردیا گیا تھاجس کے فوری بعد مینو فیکچررز نے یوریا بیگ کی قیمتوں میں 50روپے فی بیگ کی کمی کردی تھی۔وفاقی بجٹ میں فرٹیلائزر سیکٹر کیلئے سبسڈی کی مختص کی گئی رقم میں سے چھ ارب روپے کی پہلی قسط بجٹ کے فوری بعد ادا کر دی گئی تھی جبکہ بقیہ 21ارب روپے کی کلیم کردہ رقم میں سے ساڑھے چھ ارب روپے کی دوسری قسط وفاقی وزارت خوراک و غذائی تحفظ کی جانب سے تقریباآٹھ ماہ بعد ادا کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

فرٹیلائزر سیکٹر نے سبسڈی کی مد میں دوسری قسط کی ادائیگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزارت خوراک و غذائی تحفظ کی سبسبڈی کی تقسیم کے سسٹم میں بہتری لانے کا مطالبہ کیا ہے تا کہ سبسڈی کی ادائیگی میں تاخیر سے محفوظ رہا جاسکے اور فرٹیلائزر سیکٹر کے پیداواری عمل میں تسلسل کو برقرار رکھا جاسکے،فرٹیلائزر سیکٹر کا کہنا ہے کہ وزارت کی جانب سے سبسڈی کی ادائیگی کیلئے نیشنل فرٹیلائزر ڈیولپمنٹ سینٹر پر دستیاب اور کمپنیوں کی جانب سے فراہم کردہ ڈیٹا کے بجائے صوبوں سے کھاد کی فروخت کی تصدیق کی جاتی ہے جبکہ ابھی تک صوبہ پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں میں فروخت کردہ کھاد کی تصدیقی کا عمل مکمل ہونا باقی ہے ،کمپنیاں روزانہ کی بنیادپر اپنی سیلز رپورٹ صوبائی ایگریکلچرل ڈپارٹمنٹ کو ارسال کرتی ہیں ۔

فرٹیلائزر مینو فیکچررز آف پاکستان ایڈوائزری کونسل (ایف ایم پی اے سی-) کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بریگیڈیر شیر شاہ ملک(ر) کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہم حکومت پاکستان کی اس سبسڈی اسکیم کو سراہتے ہیں،اس اسکیم سے ملک میں زرعی ترقی میں اضافہ اور قومی غذائی تحفظ کو استحکام ملے گا ،ہم اس اسکیم کی کامیابی کیلئے پر عزم ہیں اور اسے کسان پیکیج کے تناظر میں ملکی زرعی ترقی کیلئے اہم گردانتے ہیں،تاہم اس سبسڈی کی دوسری قسط میں کافی تاخیر ہوئی جس کے تدارک کیلئے غور کرنا چاہیئے،انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزارت خوراک و غذائی تحفظ سبسبڈی کی تقسیم کے طریقہ کار کو بہتر کرے گی اور بقیہ رقم کی ادائیگی بھی جلد کی جائیگی،انہوں نے فرٹیلائزر سیکٹر کیلئے گیس کی قیمتوں میںکمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں کمی سے مقامی طور پر تیار کردہ کھاد کی قیمتوں میں طویل مدتی بنیاد پر کمی ممکن ہے ،عالمی سطح پر قیمتوں میں رد و بدل کے باعث ڈی اے پی کی فروخت پہلے ہی متاثر کر رکھی ہے اور ڈی اے پی کیلئے مزید سبسبڈی ناگزیر ہے جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے فنڈز کی بروقت فراہمی کو بھی ممکن بنایا جائے۔