بار ایسوسی ایشن خوشاب میں پراسیکیوٹرز اور عدالتی اہلکاروں کی استعداد سازی کیلئے تربیتی ورکشاپ

جمعہ 17 فروری 2017 23:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) وزارت انسانی حقوق نے عورت فائونڈیشن کے اشتراک سے ضلعی بار ایسوسی ایشن خوشاب میں پراسیکیوٹرز اور عدالتی اہلکاروں کی استعداد سازی کیلئے تربیتی ورکشاپ منعقد کی۔ ایک روزہ ورکشاپ ’’خواتین سے متعلق قوانین اور پراسیکیوٹرز اینڈ کورٹ آفیشلز‘‘ پراجیکٹ کے تحت منعقد کی گئی۔

وزارت انسانی حقوق کے ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان شبیر نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور پراجیکٹ کا تعارف کرایا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ وزارت کے ’’صنفی برابری‘‘ پروگرام کے تحت شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد متعلقہ اہلکاروں کو صنفی مسائل اور قوانین بارے حساسیت دینا ہے تاکہ وہ صنفی تشدد سے متعلقہ مسائل اور کیسوں میں بہتر طریقے سے کارروائی کر سکیں۔

(جاری ہے)

وزارت انسانی حقوق، قانون سازی، قواعد و ضوابط اور پریکٹسز کو ان بین الاقوامی معاہدوں اور کنونشنز کے مطابق بنانے کیلئے کام کر رہی ہے جو پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر کر رکھے ہیں اور ان معاہدوں پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور اس کے علاوہ عوام الناس میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی صورت میں دستیاب قانونی دادرسی اور انسانی حقوق بارے آگاہی پیدا کی جا رہی ہے۔

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خوشاب کے صدر سیّد اظہر عباس ہمدانی نے اپنے خطاب میں وزارت انسانی حقوق کی ان کوششوں کو سراہا جو وہ صنفی بنیادوں پر ہونے والے تشدد کے مسئلہ پر قابو پانے کیلئے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار خوشاب وزارت انسانی حقوق کے پاکستان میں انسانی حقوق کی پاسداری کے ایجنڈا پر عملدرآمد کیلئے شروع کئے گئے اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے کیونکہ آزادی، وقار اور عزت و احترام سے زندگی بسر کرنا ہر شہری کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین بھی پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں برابر حصہ لے رہی ہیں اور ہمیں تمام شعبوں میں ان کے کردار کا اعتراف کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سازگار ماحول کو یقینی بنائے بغیر ترقی نہیں کی جا سکتی جس میں کسی کا بھی استحصال، زیادتی اور تشدد نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء، قانون دانوں اور عدالتی اہلکاروں نے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کا عزم کررکھا ہے۔ اس تربیتی ورکشاپ میں وزارت انسانی حقوق کے ٹیکنیکل ماہرین نے متعلقہ امور بارے پریزنٹیشنز دیں اور شرکاء کے سوالات کے جوابات دیئے۔