برازیل کی معیشت ترقی کررہی ہے، پاکستانی تاجروںکو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے،برازیلین سفیر کلاڈیولنز

جمعہ 17 فروری 2017 23:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2017ء) برازیل کے سفیر کلاڈیولنزنے کہا ہے کہ برازیل دونوں ممالک کی حکومتوں اور نجی شعبے کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے جس سے باہمی تجارت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر محمد ناصر حمید خان سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ برازیل کی معیشت ترقی کررہی ہے، پاکستانی تاجروںکو اس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

اجلاس میں برازیل کے اعزازی قونصل میاں حسن منشاء، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین شیخ محمد ابراہیم، میاں زاہد جاوید کے علاوہ طارق محمود اور ظفر محمود بھی شریک تھے۔ سفیر نے کہا کہ سفیر نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کو کھیلوں کے سامان، فوڈ آئٹمز، کھاد اور پھلوں و سبزیوں کے شعبوں میں برازیل کے تاجروں کے ساتھ مشترکہ منصوبہ سازی کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

پاکستانی تاجروں کو اس شعبے میں بھی برازیل کے تجربہ سے استفادہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ برازیل دنیا کی بڑی معاشیات میں سے ایک اور تجارت و سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں بہت سی مشترکہ اقدار اور بہترین سفارتی تعلقات کے باوجود باہمی تجارت کا حجم بہت کم ہے۔ لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات بہترین اور دوستانہ ہیں جن کی جھلک باہمی تجارت میں بھی نظر آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ باہمی تجارت بڑھ رہی ہے مگر اس کا حق برازیل کے حق میں ہے جسے برابری کی سطح پر لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2013سے 2015تک دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 227ملین ڈالر سے بڑھ کر 316ملین ڈالر ہوگیا جو ابھی بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برازیل کو کھیلوں کا سامان، کنزیومر گڈز، ریڈی میڈ گارمنٹس، کپڑا، نٹ ویئر، فارماسیوٹیکل مصنوعات اور آلات جراحی وغیرہ بڑی مقدار میں برآمد کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برازیل ہائیڈرو الیکٹرک ٹیکنالوجی میں مہارت رکھتا ہے جبکہ وہاں ایتھانول کا کمرشل استعمال بھی بڑھ رہا ہے۔ پاکستان ان شعبوں میں بھی برازیل کے تجربہ سے استفادہ کرنے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مستقل بنیادوں پر تجارتی وفود کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔