جماعة الدعوة پاکستان کے زیر انتظام دہشت گردی کی لہر،خود کش دھماکوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

پاکستان میںبے گناہوں کا خون بہانے کا مجرم بھارت ہے،دہشت گردی کیحالیہ واقعات بھارت کا پاکستان پر حملہ اور اعلان جنگ ہے،مقررین

جمعہ 17 فروری 2017 23:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2017ء) جماعة الدعوة پاکستان کے زیر انتظام ملک میں جاری دہشت گردی کی لہر،خود کش دھماکوں کے خلاف چوبرجی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور شدید غم و غصے کا اظہار کیا،جماعة الدعوة کی اپیل پر ملک بھر میں علماء کرام نے خطبات جمعہ میںلاہور،کوئٹہ،پشاور ،سہون شریف میں ہونیوالے دھماکوں کی مذمت کی اور قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کا پیغام دیا۔

چوبرجی چوک میں احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے بینر ز و پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’انڈیا کی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دیا جائے،بیرونی مداخلت کے خاتمہ تک دہشت گردی پا قابو پانا ممکن نہیں،میاں مودی دوستی کا انجام ،پاکستان بم دھماکوں سے گونج اٹھا و دیگر تحریریں درج تھیں۔

(جاری ہے)

شرکاء ظالمو جواب دو،خون کا حساب دو و دیگر نعرے بھی لگا رہے تھے۔

احتجاجی مظاہرے میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی اور کشمیرکی آواز بلند کرنے والے پروفیسر حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔مظاہرے سے جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی،نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین قاری یعقوب شیخ،تحریک آزادی جموں کشمیر لاہور کے ناظم ابوالہاشم،متحدہ جمعیت اہلحدیث کے رہنما شیخ نعیم بادشاہ،حرمت رسولﷺ لائرز موومنٹ کے رہنما جمیل احمد فیضی ایڈوکیٹ،جماعة الدعوة کے رہنمائوں مولانا ادریس فاروقی،حبیب الرحمان نے خطاب کیا۔

حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا کہ آج ملک لہو لہان ہے،پانچ دن میں آٹھ دہشت گردی کے واقعات ہو چکے ہیں،لاہور مال روڈ،پشاور،کوئٹہ،اواران اور پھر سیہون شریف میں درگاہ پر حملہ ہوا ۔دہشت گردی کے یہ واقعات بھارت کا پاکستان پر حملہ اور اعلان جنگ ہے۔پاکستان میںبے گناہوں کا خون بہانے کا مجرم بھارت ہے جس نے کشمیریوں کو بھی خون میں نہلایا ہوا ہے۔

پاکستان کو کشمیریوں کی مددو حمایت کی سزا دی جا رہی ہے۔دہشت گردی کے خلاف قوم کو متحد کیا جائے اور بھارت کو جرات کے ساتھ دو ٹوک و مضبوط پیغام دیا جائے۔سیاست و مصلحت کے بغیرقومی پالیسی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی زمین سے بھارت پاکستان پر حملہ کر رہا ہے،وہان بھارتی اڈے ہیں حکومت کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں،حکومت کمزور تعلق کی وجہ سے افغانستان میں بھارتی اڈے بند نہیں کروا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے ضرب عضب کے ذریعے ’’را‘‘ کے ایجنٹوں کی کمر توڑی تھی ۔اب بھی دہشت گردوں کے خلاف ضرب عضب کی ضرورت ہے ۔دہشت گردی کے خلاف آپریشن اور فوجی عدالتوں میں دہشت گردوں کو سزائوں کے خلاف باتیں کرنے والے دفاع پاکستان کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر بنایا گیا ملک ہے جو قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیایہاں ہندوکی فلمیں اور تہذیب پیش کی جا رہی ہے جس کے مقابلے میں ہندو سرکار ملک کے چپے چپے کو لہو سے سرخ کر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مشرقی پاکستان کا بھی مجرم ہے،پاکستان کے دریائوں پر اس نے قبضہ کیا ،آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے کشمیریوں کا قتل عام کیا اور ان کی تحریک کو دبانے کی کوشش کی۔بھارت کے ساتھ دوستی کی بجائے اپنوں سے دوستی کی جائے ۔بھارت کے جاسوسوں کا نیٹ ورک پاکستان سے پکڑے گئے ہیں اور ا س بات کا ثبوت بھی موجو دہے کہ وہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے،سندھ و بلوچستان کو توڑنے کی سازشیں کرتا رہا ہے۔

اب بھارت کے ساتھ دو ٹوک بات کی جائے ۔ قاری یعقوب شیخ نے کہا کہ پاکستان کے امن و امان کو تباہ کرنے کے لئے بھارت نے دھماکے کروائے۔دہشت گردوںکے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے پاکستان اقتصادی مضبوطی کی طرف جا رہا ہے جو بھارت کو برداشت نہیں،کشمیر کی تحریک سے توجہ ہٹانے کے لئے دہشت گردی کروائی گئی۔

اب بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت ہے۔ابوالہاشم نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر وار کیا،قوم متحدہو کر مودی سرکار کو جواب دے گی۔سیاسی جماعتوں کو بھی ایک پیچ پر ہونا چاہئے۔شیخ نعیم بادشاہ نے کہا کہ سانحہ مال روڈ کے زخم ابھی تازہ تھے کہ سہیون شریف میں دھماکہ ہو گیا،پاکستا ن میں دہشت گردی پھیلانے والے مسلمان تو کیا انسان بھی نہیں،وہ جہنمی درندے ہیں،امن وامان کے قیام میں حکمران ناکام ہو چکے ہیں ۔

جمیل احمد فیضی ایڈوکیٹ، مولانا ادریس فاروقی،حبیب الرحمان نے کہا کہ دہشت گردی کے بڑے واقعات کے باوجود حکمران ابھی تک خاموش ہیں،قوم لاشیں اٹھا رہی ہے ۔پاکستان کے دشمن سازشیں کر رہے ہیں ،قوم کو متحد ہوکر جواب دینا ہو گا۔دفاع پاکستان کے لئے بیس کروڑ رعوام پاک فوج کے شانہ بشانہ رہیں گے۔تحریک آزادی جموںکشمیر و جماعة الدعوة کے مرکزی رہنمائوں مولانا امیر حمزہ،مولانا سیف اللہ خالد،حافظ مسعود ،،انجینئر نوید قمر،حافظ خالد ولید،حافظ عبدالغفار المدنی،حافظ طلحہ سعید،حاجی جاوید الحسن،مولانا احسان الحق شہباز،مولانا اعجاز احمد تنویر،مولانا خالد سیف الاسلام،رانا شمشاد احمد سلفی، مزمل اقبال ہاشمی و دیگر نے مختلف شہروں میں خطبات جمعہ میں بم دھماکوں کی شدید مذمت کی اورخطابات کرتے ہوئے کہا کہ دفاع پاکستان کے لئے قوم متحد و بیدار ہے،ملک کا امن تباہ کرنے والوں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے۔

بھارت کشمیر میں جاری تحریک کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے،امن و امان کے قیام کے لئے قوم پاک فوج کے ساتھ ہے اور رہے گی۔