ْسانحہ ماڈل ٹاون، استغاثہ میں آئی جی پنجاب سمیت چودہ ملزمان کو طلبی کے دوبارہ نوٹس جاری

جمعہ 17 فروری 2017 23:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2017ء) انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاون کے استغاثہ میں آئی جی پنجاب سمیت چودہ ملزمان کو طلبی کے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے عدالت طلب کر لیا۔عدالت کے روبرو سابق ڈی سی او لاہور کیپٹن عثمان سمیت ایک سو ملزمان نے پیش ہو کرضمانتی مچلکے جمع کرا دئیے۔انسداد دہشت گردی لاہور کے جج چوہدری محمد اعظم نے ماڈل ٹاون استغاثہ کی سماعت کی۔

عوامی تحریک کے وکیل رائے بشیر نے موقف اختیار کیا کہ قانون کے تحت ایک سو بیس ملزمان کو طلبی کے نوٹس جاری کرنے کی بجائے گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ استغاثہ کے بعض ملزمان ماڈل ٹاون واقعہ کے حوالے سے درج دو مختلف مقدمات میں بھی نامزد ہیں لہذا تینوں کیسوں کی سماعت ایک ہی تاریخ میں رکھی جائے تاکہ الگ سے نوٹس جاری نہ کرنے پڑیں۔

(جاری ہے)

عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کیاستغاثہ میں آئی جی پنجاب سمیت چودہ ملزمان کو طلبی کے نوٹس موصول نہیں ہوئے جبکہ ایک سو ملزمان عدالت میں پیش ہو گئے جبکہ انہوں نے پانچ پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کرا دئیے ہیں۔عدالت کو بتایا گیا کہ مقدمے میں نامزد ملزم انپسکٹر شاہ نواز،، انسپکٹر اعجاز رشید اور دو اے ایس آئی محمد احمد اور برہان طبی موت فوت ہو چکے ہیں جبکہ چھ ملزم پولیس اہلکار ماڈل ٹاون مقدمے میں جیل میں بند ہیں۔

جس پر عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاون کیاستغاثہ میں آئی جی پنجاب سمیت چودہ ملزمان کو طلبی کے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے عدالت طلب کر لیا۔عدالت نے کہا کہ جو ملزمان نوٹس موصول ہونے کے باوجود پیش نہیں ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں گے۔عدالت نے استغاثہ کی مزید سماعت اٹھائیس فروری تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :