چادر چار دیواری کاتحفظ پامالی ، ڈی پی او میانوالی سمیت دوڈی ایس پی اور دو ایس ایچ اوز کے خلاف اندراج مقدمہ کا حکم

جمعہ 17 فروری 2017 23:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے چادر چار دیواری کاتحفظ پامال کرنے پر ڈی پی او میانوالی سمیت دوڈی ایس پی اور دو ایس ایچ اوز کے خلاف اندراج مقدمہ کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری مشتاق نے تھانہ موچھ میانوالی کے ایس ایچ او شفیع اللہ کی جانب سے جسٹس آف پیس کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پرکیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار ایس ایچ او کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ جسٹس آ ف پیس نے حقائق کا جائزہ لئے بغیر ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات صادر کئے۔

(جاری ہے)

سعدیہ نامی خاتون نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ پولیس اہلکارکسی قانونی جواز کے بغیر اس کے گھر گھسے اور چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔انہوں نے بتایا کہ جسٹس آف پیس نے میری درخواست پر ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف اندراج مقدمہ کا حکم دے رکھا ہے مگر پولیس اہلکاروں نے عدالت عالیہ سے حکم امتناعی لے رکھا ہے لہذا عدالت ان کی درخواست مسترد کرئے۔

جس پر عدالت نے جسٹس آ ف پیس کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ڈی پی او میانوالی سمیت دوڈی ایس پی اور دو ایس ایچ اوز کے خلاف اندراج مقدمہ کا حکم دے دیا۔عدالت نے پولیس افسر کی درخواست مسترد کر دی۔