طلباء کی رہنمائی کیلئے انفارمیشن ڈیسک قائم کیاجارہاہے،چیئرمین مردان بورڈ

جمعہ 17 فروری 2017 22:43

مردان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن مردان کے چیئرمین شوکت حیات نے کہاہے کہ طلباء کے مسائل کے حل اوررہنمائی کے لئے انٹرنل ٹریبیونل اورانفارمیشن ڈیسک قائم کیاجارہاہے یہ بات انہوںنے پرائیوٹ سکولز مینجیمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر نصیر خان آفریدی ، ضلعی جنرل سیکرٹری تاج ملوک ،مردان زون کے صدر عماد اکبر حسان اور پرنسپل ندیم شاہ پر مشتمل وفد سے گفتگو کے دوران کیا بورڈ کے چیئرمین نے کہاکہ چارج لینے کے بعد بورڈ میں اصلاحات کے عمل شروع کردیاگیاہے اور چھوٹے موٹے مسائل کے حل کے لئے انٹرنل ٹریبیونل قائم کیاجارہاہے جس میں طلباء کو عدالتوں کے چکروں سے نجات ملے گی انہوںنے کہاکہ چارج سنبھالنے کے بعد سات ہزار سے زیادہ کیسز ان کے میز پرپڑے ہیں جس کے حل کیلئے وہ دن رات ایک کئے ہوئے ہیں چیئرمین نے کہاکہ طلباء کی رہنمائی کے لئے انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کیاجارہاہے شوکت حیات نے کہاکہ نظام تعلیم کی بہتری اور امتحانات میں نقل کی بیخ کنی کیلئے پرائیوٹ تعلیمی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں انہوںنے شرح خواندگی میں نجی اداروں کے کرداد کی تعریف کی اورکہاکہ ان اداروں کے جائز مسائل کے حل اور تجاویز کا خیرمقدم کیاجائے گا اور بورڈ اچھے اداروں کی سرپرستی کرے گا۔