دہشتگردوں نے ثابت کر دیا کہ ان کی کمر سلامت ہے کسی نے نہیں توڑی ،افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے ،امریکہ سے زیادہ ہمیں اپنی یکسوئی کی ضرورت ہے ،حکومت بڑھکیں مارنے کے بجائے عملی کام کرے

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر شاہی سید کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 17 فروری 2017 22:32

دہشتگردوں نے ثابت کر دیا کہ ان کی کمر سلامت ہے کسی نے نہیں توڑی ،افغانستان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے ثابت کر دیا کہ ان کی کمر سلامت ہے کسی نے نہیں توڑی ،افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے ،امریکہ سے زیادہ ہمیں اپنی یکسوئی کی ضرورت ہے ،حکومت بڑھکیں مارنے کے بجائے عملی کام کریں ،اچھے اوربرے کا تاثر ختم کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کاروائی کرنی ہو گی۔

وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ رواں ہفتے میں دہشت گردوں نے ملک کے ہر حصے میں دہشتگردی کیذریعے ثابت کیا کہ ان کی کمر کسی نے نہیں توڑی اور وہ جب اور جہاں چاہیں کاروائی کر سکتے ہیں ،اب ہمیں بھی سچائی کا سامنا کرتے ہوئے سچ کہنا ہو گا ،خالی خولی بڑھکوں کے بجائے عملی نتائج قوم کو دینا ہونگے ،سیاسی وابستگیاں اپنی جگہ مگر پاکستان کے لیئے سول و عسکری اداروں بشمول تمام سیاست دانوں دانشوروں ،علماء حق اور میڈیا کو ایک موقف اپنانا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے معاونت کی پیشکش اپنی جگہ مگر ہمیں پہلے اپنے اندر یکسوئی لانا ہو گی ،دوغلی پالیسی ختم کرکے اچھے اور برے طالبان کی تمیز بھی ختم کرنا ہو گی ،انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ سفارتی ذرائع کو استعمال میں لانا ہو گا اور افغانستان کو باور کرانا ہو گا کہ پرامن پاکستان ہی پرامن افغانستان کے لیئے بہتر ہے ،افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔(ار)