دہشتگردی کے واقعات بڑے خطرے کی علامت ہے‘ شبیر بخاری

علامہ جوادی پر حملہ کے ملزمان کو گرفتار کیا جائے‘ سہیون شریف سانحہ قابل مذمت ہے‘فرید عباس

جمعہ 17 فروری 2017 22:28

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل جموں وکشمیر سید شبیرحسین بخار ی اورسینئر وائس چیئرمین علامہ سید فرید عباس نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں اور آزادکشمیر میں تسلسل سے دہشتگردی کے واقعات ہونا بڑے خطرے کی علامت ہے۔علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی ااور انکی اہلیہ محترمہ پر مین شاہراہ پر دن دیہاڑے قاتلانہ حملہ دہشتگردوں کی گھنائونی کارروائی ہے۔

ہمیں حکومت آزاد کشمیر اور پولیس سمیت تمام متعلقہ اداروں پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ جلد ملزمان کا سراغ لگا کر انھیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ سہیون شریف میں لعل شہباز قلندر کے مزار پر خودکش دھماکہ کی جنتی مذمت کی جائے کم ہے۔اس کے پس پردہ کرداروں کو بے نقاب کیا جائے۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں دہشتگردوں کے قلع قمع کیلئے موثر کارروائی عمل میں لائیں۔

سندھ ‘ پنجاب ‘ کے پی کے ‘ بلوچستان ‘ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے دہشتگردوں کا صفایا کر کے امن کو بحال کیا جائے۔ وہ گزشتہ روز احتجاجی دھرنا کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔ سید شبیرحسین بخار ی اور علامہ سید فرید عباس نقوی نے مزید کہا کہ ہم امن کے داعی ہیں ۔ امن چاہتے ہیں اور ہم نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا ہے ۔ہمارے احتجاج میں ایک گملہ تک بھی نہیں ٹوٹتا ۔

ہم مہذب احتجاج کرتے ہیں ۔ ریاست اور ریاست کے ادارے اس کی املاق ہمارے اثاثے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل مجلس وحدت المسلمین پاکستان آزادکشمیر علامہ تصورحسین نقوی الجوادی اور ان کی اہلیہ پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزمان کو جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ ہم انتظامیہ اور پولیس سے مکمل تعاون کررہے ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے علامہ تصورحسین نقوی الجوادی اور ان کی اہلیہ پر قاتلانہ حملہ کے فوراً بعد حملہ آور وں کی گرفتار ی کا حکم دیا ۔

انہوں نے اداروں کو ہدایت کی کہ ملزمان جلد از جلد سلاخوں کے پیچھے دھکیلے جائیں۔ ان کے احکامات کی روشنی میں علامہ تصورحسین نقوی الجوادی کو مزید بہتر علاج معالجہ کیلئے بذریعہ ائیرایمبولینس اسلام آباد منتقل کیا گیا ہے۔ ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ علامہ تصورحسین نقوی الجوادی اور ان کی اہلیہ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کریں۔

متعلقہ عنوان :