وزیر صنعت وتجارت نورین عارف کی زیر صدارت معدنی وصنعتی ترقیاتی کارپوریشن کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس

پاکستان کے بڑے شہروں میںقیمتی معدنیات کے ڈسپلے سینٹرز کے قیام،محکمہ کی دستیاب زمین کو بہتر اندازمیں زیر استعمال لانے‘ چٹہ کٹھہ پروجیکٹ انکوائری‘اپریل میں پتھروں کی نیلامی کرنے اور کامسرکے مقام پر کرش پلانٹ کی تنصیب کا فیصلہ

جمعہ 17 فروری 2017 22:28

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) آزادکشمیر کی وزیر صنعت وتجارت محترمہ نورین عارف کی زیر صدارت معدنی وصنعتی ترقیاتی کارپوریشن کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس جمعہ کے روز منعقد ہوا۔اجلاس میں پاکستان کے بڑے شہروں میںقیمتی معدنیات کے ڈسپلے سینٹرز کے قیام،محکمہ کی دستیاب زمین کو بہتر اندازمیں زیر استعمال لانے،PKMRکمپنی کے ساتھ معاملات حل کرنے اور،چٹہ کٹھہ پراجیکٹ کے بارہ میں انکوائری،اپریل کے مہینے میں پتھروں کی نیلامی کرنے اور کامسرکے مقام پر کرش پلانٹ کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات خواجہ احسن،ایڈیشنل سیکرٹری مالیات جمعہ خان، ممبربورڈ آف ڈائریکٹرز خواجہ عبدالحمید، منیجنگ ڈائریکٹر راجہ شاہد ایوب،راجہ منظور کیانی، آصف اسماعیل سلہریا اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صنعت وسماجی بہبود محترمہ نور ین عارف نے کہا کہ سرکاری املاک کی حفاظت کو یقینی بنایا جائیگا کسی کو سرکاری خزانہ لوٹنے کے اجازت نہیں دیں گے۔

کرپشن کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا ئے گی تاکہ آئندہ کوئی شخص کرپشن کا نہ سوچ سکے۔انہوں نے کہا کہ معدنی وصنعتی ترقیاتی کارپوریشن کو انکم جنریشن کا ذریعہ بنائیں گے ۔ماضی میں اس محکمہ کی طرف توجہ نہیں دی گئی ورنہ یہ محکمہ سالانہ کروڑوں روپے کی انکم دے سکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ محکمہ میں اسوقت جیالوجسٹ اور سیکورٹی آفیسرز کی کمی ہے جس کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

آزادکشمیر میں قیمتی معدنیات موجود ہیںجن کو زیر استعمال لا کر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ ملک کے بڑے شہروں میں قیمتی معدنیات کے ڈسپلے سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جائیگا تاکہ ملک میں بھر مارکیٹنگ کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ وادی نیلم میں قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں جن سے استعفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر صنعت نے کہا کہ سی پیک کے تحت آزادکشمیر کے ضلع بھمبر اور مظفرآباد میں صنعتی ذونز قائم کیے جائیں گے جن سے یہاں کے لوگوں کو بے پناہ فائدہ ہوگا اور وزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

اجلاس میں محکمہ کے مختلف معاملات کے حل کے لیے متعدد کمیٹیاں تشکیل دئیے جانے کی منظوری بھی دی گئی۔ دریں اثناء وزیر صنعت وتجارت محترمہ نورین عارف نے آزادکشمیر معدنی وصنعتی ترقیاتی کارپوریشن کے احاطہ میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کے سلسلہ میں پودا بھی لگایا۔