بھارت نے ویسے بھی 1947ء سے ہی جموں کشمیر کے عوام کیخلاف اعلان جنگ کیا ہے ‘بھارتی آرمی چیف کے دھمکی آموز بیانات سے خوفزدہ نہیں ہوں گے‘کشمیری عوام کسی بھی قیمت پر اپنی قوم پر بیرونی تسلط برداشت نہیں کریں گی

حریت رہنما یوسف نقاش اور عدنان سلفی کا کولگام میں عوامی اجتماع سے خطاب

جمعہ 17 فروری 2017 22:25

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمااور اسلامک پولیٹکل پارٹی جموں کشمیر کے چیرمین محمد یوسف نقاش نے ایک بیان میں بھارتی آرمی چیف کے دھمکی آموز بیان کے خلاف سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ویسے بھی 1947ء سے ہی جموں کشمیر کے عوام کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے اور اب اس طرح کے دھمکی آموز بیانات سے اس قوم کو خوفزدہ نہیں کرسکتے جودنیا کی تیسری بڑی فوج کے ظلم و جبر کے خلاف پچھلے ستر ۰۷ سالوں سے مزاحمت کر تے ہوئے جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ عوام کی جذبہ آذادی ہے کہ وہ جھڑپ کے دوران اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر سڑکوں پر نکل آتے ہیں اور یہ بھارت اور اس کے کٹھ پتلیوں کیلئے چشم کشا ہے کہ کشمیری عوام کسی بھی قیمت پر اپنی قوم پر بیرونی تسلط برداشت نہیں کریں گی۔

(جاری ہے)

نقاش نے کراچی میں ایک اور خودکش دھماکے ،جس میں ۰۰۱ کے قریب لوگوں کی ہلاکت ہوئی ،کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک دشمن قوتوں پر مکمل کریک ڈاؤن شروع کرے ۔دریں اثنا پارٹی کے سنیر لیڈر عدنان سلفی آج جنوبی کشمیر کے ریڈونی کولگام میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ شہدا ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور بھارت کو ہٹ دھرمی ترک کرکے کشمیر میں زمینی حقائق تسلیم کرنی چاہئیے کہ جموں کشمیر کے عوام کسی بھی صورت میں بھارت کی بالادستی قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا رویہ نہ صرف کشمیر میں ہورہی مسلسل انسانی جانوں کا زیاں کیلئے اول وجہ ہے بلکہ پورے جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کیلئے بھی بھارت ہی ذمہ دار ہے بھارت کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہئیے کہ کشمیر میں اس کی تمام پالیسیاں ناکام ہی ثابت ہوکر رہیں گی اور کشمیر مسلئے کا حل یہی تمام مسائل کا حل ہے۔