وزیراعلیٰ پنجاب سے بیلاروس کے سفیر کی ملاقات،لاہور اورسیہون شریف میں دھماکوں کی مذمت

بیلاروس کے سفیر کا دھماکوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس،جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت دہشتگردی کے خاتمے کی کوششوں میں پاکستان کیساتھ کھڑے ہیںاورپاکستان کے عوام کے غم میں شریک ہیں:سفیر بیلاروس انسانیت کے سفاک قاتل پوری دنیا کے مشترکہ دشمن ہیں، دہشتگردی کی جنگ میں پاکستانی قوم کا عزم مضبوط ہی:شہبازشریف

جمعہ 17 فروری 2017 22:19

وزیراعلیٰ پنجاب سے بیلاروس کے سفیر کی ملاقات،لاہور اورسیہون شریف میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاںبیلاروس کے سفیراندرے ارمولووچ(Mr.Andrei Ermolo h)نے ملاقات کی-بیلاروس کے سفیر نے لاہور اورسیہون شریف میں دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔بیلاروس کے سفیر نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اورتعزیت کااظہار کیا ۔

بیلاروس کے سفیر نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیںاوردہشت گردی کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کوششوں میں بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میںعظیم قربانیاں دینے والوں کوپوری قوم سلام پیش کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے اورپاکستان نے اس جنگ میں جو لازوال قربانیاں دی ہیں تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔

انہوںنے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم کا عزم غیر متزلزل اورمضبوط ہے ۔انسانیت کے سفاک قاتل پوری دنیا کے مشترکہ دشمن ہیں اور دہشت گردوں کا مکمل صفایا ہمارا اولین مشن ہے۔ اتحاد کی قوت اور مشترکہ بصیرت سے پاکستان میں امن اور خوشیاں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں زراعت ،صنعت اورٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کی بے پناہ گنجائش موجود ہے ۔

پاکستان اور بیلاروس کے درمیان زراعت اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں تعاون کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دیا جائیگا۔ بیلاروس کے سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کریں گے۔انہوںنے کہا کہ زراعت اورٹیکسٹائل کے شعبوں میںدوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے قابل عمل سفارشات پرکام کیا جائے گا۔بیلا روس کے سفیر نے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ۔زراعت اورٹیکسٹائل سیکٹر میں پنجاب حکومت کیساتھ تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں ۔صوبائی وزیرملک ندیم کامران، سیکرٹریزصنعت، جنگلات اورزراعت کے علاوہ متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔