اسلام آباد، پولیس کارروائی کے دوران منشیات کے بااثرڈیلرکے ساتھیوں کی فائرنگ

پولیس نے ایک ڈیلرکوگرفتار کے اسلحہ اورمنشیات برآمد کرلی

جمعہ 17 فروری 2017 21:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2017ء) وفاقی دارالحکومت کانواحی علاقہ ڈورے گائوں میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران منشیات کے بااثرڈیلرکے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی۔پولیس نے جوابی کارروائی کے بعدمنشیات کے ایک ڈیلرکوگرفتارکرتے ہوئے اس کے قبضے سے اسلحہ اورمنشیات برآمدکرلیاہے۔معلوم ہواہے کہ ترنول کے نواحی علاقہ ڈورے گائوں اس وقت منشیات فروشوں کا گڑھ بن چکاہے۔

پولیس ذرائع کاکہناہے کہ یہاں عرصہ دراز سے کئی بااثرافراد منشیات فروشی کادھندہ کررہے ہیں جوجڑواں شہروں میں روزانہ لاکھوں روپے کی منشیات سمگل کرتے ہیں۔وفاقی پولیس نے قبل ازیں بھی اس علاقہ میں کارروائی کرنے کی کوشش کی تھی جس پرچند سال قبل منشیات فروشوں نے وفاقی پولیس کے دوملازمین کو بری طرح تشددکانشانہ بناتے ہوئے انہیں موت کے گھاٹ اتاردیاتھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کایہ بھی کہناہے کہ اس واقعہ کے بعدڈورے گائوں میں وفاقی پولیس نے دوبارہ گرینڈ آپریشن کرنے کی ہمت نہ کی۔تاہم پولیس گاہے بگاہے منشیات کے چھوٹے ڈیلروں کوگرفتارکرکے ان پرمقدمات درج کرتی رہی۔ گزشتہ روز تھانہ ترنول پولیس نے ہمت کرتے ہوئے مخبرکی اطلاع پرڈورے گائوں میں چھاپہ مارا۔جس پرمنشیات کے سمگلروں نے پولیس پارٹی پرفائرنگ شروع کردی۔

ذرائع کاکہناہے کہ وقتی طورپر پولیس ٹیم میں شامل اہلکاروں نے اپنی جانیں بچانے کے لئے دوڑیں لگادیں تاہم کچھ تاخیرکے بعد پولیس نے مزیدنفری طلب کرلی۔جس کے بعد منشیات فروشوں نے جائے واردات سے بھاگنے میں ہی عافیت جانی۔تاہم پولیس منشیات فروشوں کا ایک ساتھی عمرفاروق نامی شخص کو گرفتارکرنے میں کامیاب ہوسکی۔جس کے قبضے سے پولیس نے چرس اورنائن ایم ایم رائفل برآمدکرکے مقدمہ درج کرلیاہے۔پولیس ذرائع کاکہناہے کہ مذکورہ ملزم علاقے کے ایک بااثرمنشیات کے ڈیلررئیس خان نامی شخص کے لئے کام کرتاتھا۔پولیس نے ملزم عمرفاروق سے کی گئی ابتدائی تفتیش کے بعد مقدمہ نمبر58/2017درج کرلیاہے۔