شدت پسندوں نے لعل شہباز ؒ کامزارسرخ کردیا ۔اشرف بھٹی

مٹھی بھردہشت گردچاروں صوبوں میں دندنارہے ہیں ،حکمران پورازورلگادیں ،پی پی پی رہنماء

جمعہ 17 فروری 2017 21:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2017ء)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ شدت پسندوں نے حضرت لعل شہبازؒ کامزارمعصوم اوربیگناہ انسانوں کے خون سے سرخ کردیا ۔مٹھی بھر دہشت گردچاروں صوبوں میں دندنارہے ہیں ،حکمران پورازورلگادیں۔حکمرانوں کی ہمدردیاں انتہاپسندوں کے ساتھ ہیں۔پاکستان کونڈراورصاف ستھری قیادت کی ضرورت ہے۔

میاں نوازشریف اورمیاں شہبازشریف کی ترجیحات کاپائیدارامن سے دوردورکاکوئی تعلق نہیں ہے۔حکمران جان بوجھ کرصوبائیت اورمنافرت کوہوا دے رہے ہیں،وفاق حکومت پرتنقید کی خفت مٹانے کیلئے صوبوں پربیجاتنقید سے فیڈریشن کمزورہوگی۔حکمران حد سے زیادہ خودغرض اورمفادپرست ہیں۔پاناما لیک بارے حکمرانوں کاجھوٹ ختم ہونے میں نہیں آرہا ۔

(جاری ہے)

میڈیا میںحکمرانوں کادفاع کرنیوالے شعبدہ بازوں پرنوازشات کی بارش کردی گئی ۔

دانیال عزیز کوملنے والے ترقیاتی فنڈز درحقیقت سیاسی رشوت کے زمرے میں آتے ہیں۔وہ فردوس پارک میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ پاناما لیگ کی نام نہادمصلحت، نااہلی اورمجرمانہ غفلت کاخمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔حکمرانوں سے دہشت گردی کے نتیجہ میںقیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اورناجائز طریقہ سے بھاری رقوم کی بیرون ملک منتقلی کاحساب لیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی بارے حکمرانوں اورا ن کے حواریوں کادوہرامعیارمزید برداشت نہیں کیا جاسکتا ۔دہشت گردی کے سدباب کیلئے پاناما لیگ کی قیادت میں صلاحیت ہے اورنہ پاکستان کے لوگ ان پراعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شریف برادران سے نجات تک شدت پسندوں کاصفایا خارج ازامکان ہے۔پنجاب میں رینجرز کے آپریشن کاراستہ روکنے والے عناصر کوانصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے،فیصلہ کیا جائے وہ کس کے ساتھ ہیں اورشرپسندوں کوکیوں قانون کی گرفت سے بچارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تخت لاہور کی اس مجرمانہ چشم پوشی اوربدنیتی کے نتیجہ میں ہو نیوالی اموات کامداواکون کرے گا۔