حج کرپشن کیس، حامد سعید کاظمی کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت

اسلام آباد ہائی کور ٹ کا ڈی جی حج رائو شکیل اور آفتاب الاسلام کوجلد وکیل کی خدمات حاصل کرنے کا حکم ضرورت پڑی تو ہفتہ اتوار کو بھی کیس کی سماعت کی جائے گی، جج کے ریمارکس

جمعہ 17 فروری 2017 21:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2017ء) حج کرپشن کیس میںسابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈی جی حج رائو شکیل اور آفتاب الاسلام کوجلد وکیل کی خدمات حاصل کرنے کا حکم جاری کردیا،سپریم کورٹ نے پندرہ دن میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے ،ضرورت پڑی تو ہفتہ اتوار کو بھی کیس کی سماعت کی جائے گی، جج کے ریمارکس۔

حج کرپشن کیس کی سماعت اسلام آبادہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کی،فاضل جج نے ڈی جی حج رائو شکیل اور آفتاب الاسلام کوجلد وکیل کی خدمات حاصل کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ پندرہ دن میں فیصلہ کرنا ہے ممکن ہوا تو ہفتہ اور اتوار کو بھی کیس کی سماعت کی جائے گی،حج کرپشن کیس میں ملوث سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی کی جانب سے ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے،انہوں نے اپنے دلائل میں کہا کہ حاجیوں کے لئے رہائش کا بندوبست حامد سعید کاظمی نے براہ راست نہیں کیا،حامد سعید کاظمی پر الزام ہے کہ بیٹی کی شادی پر تیرہ لاکھ روپے خرچ کیے ہیں،حامد سعید کاظمی مذہبی اسکالر ہیں حج کرپشن کے الزام سے ان کے خاندان کرب سے گزر رہا ہے۔

(جاری ہے)

حامد سعید کاظمی کے وکیل لطیف کوسہ نے دلائل مکمل کرتے ہوئے کہاکہ کابینہ ڈویڑن کے فیصلوں کی توسیع سیکرٹری حج نے کی ہے ، حامد سعید کاظمی کا کوئی تعلق نہیں،حامد سعید کاظمی کو وزارت ملنے سے پہلے اکاؤنٹس میں 57 لاکھ روپے تھے اور وزارت جانے کے بعد 15 لاکھ روپے صرف اکاؤنٹس میں بچ گئے تھے،حاجیوں کی ناقص سہولت فراہمی پر سعودی حکام نے پاکستان حکومت سے معافی مانگی ہے۔ایف آئی اے نے حج کرپشن سے متعلق تمام ریکارڈ عدالت میں پیش کر دیئے، عدالت نے ڈ ی جی حج رائو شکیل اور آفتاب الاسلام کو جلد وکیل کے خدمات حاصل کرنے کا عدالتی حکم جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔