چادر ،چار دیواری کاتحفظ پامال کرنے پر ڈی پی او سمیت دوڈی ایس پیزاور دو ایس ایچ اوز کیخلاف اندراج مقدمہ کا حکم

جمعہ 17 فروری 2017 20:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء)لاہور ہائیکورٹ نے چادر اورچار دیواری کاتحفظ پامال کرنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر میانوالی سمیت دوڈی ایس پیزاور دو ایس ایچ اوز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری مشتاق نے تھانہ موچھ میانوالی کے ایس ایچ او شفیع اللہ کی جانب سے جسٹس آف پیس کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست پرسماعت کی۔

درخواست گزار نے فاضل عدالت کے رو برو موقف اپنایا کہ جسٹس آ ف پیس نے حقائق کا جائزہ لئے بغیر ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات صادر کئے۔ جبکہ سماعت کے دوران سعدیہ نامی خاتون نے موقف اختیار کیا کہ پولیس اہلکارکسی قانونی جواز کے بغیر اس کے گھر میںداخل ہوئے اور چادر اورچار دیواری کا تقدس پامال کیا۔

(جاری ہے)

جسٹس آف پیس نے میری درخواست پر ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف اندراج مقدمہ کا حکم دے رکھا ہے مگر پولیس اہلکاروں نے عدالت عالیہ سے حکم امتناعی لے رکھا ہے ۔

استدعا ہے کہ ان کی درخواست مسترد کی جائے ۔دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے جسٹس آ ف پیس کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ڈی پی او میانوالی سمیت دوڈی ایس پیز اور دو ایس ایچ اوز کے خلاف اندراج مقدمہ کا حکم دیتے ہوئے ایچ ایچ او کی درخواست کو مسترد کر دیا ۔