پنجاب کے تمام اضلاع میں فول پروف سیکورٹی کیلئے پلان از سر نو ترتیب دئیے جائیں ‘مشتاق سکھیرا

صوبے بھر میں پٹرولنگ کے نظام کو مزید موثر اور منظم بنایا جائے اور حساس علاقوں میں پٹرولنگ نفری میں اضافہ کیا جائے ‘آئی جی پنجاب

جمعہ 17 فروری 2017 20:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) انسپکٹرجنرل پولیس مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں مارکیٹوں ، پارکوں ، تعلیمی اداروں ، مزاروں ، عبادت گاہوں اور اہم تنصیبات کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی پلان از سر نو ترتیب دئیے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اعلی افسران سیکورٹی ڈیوٹی کو روزانہ کی بنیاد پر خود چیک کریں ، صوبے بھر میں پٹرولنگ کے نظام کو مزید موثر اور منظم بنایا جائے اور حساس علاقوں میں پٹرولنگ نفری میں اضافہ کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک آر پی اوز اور ڈی پی اوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز و انویسٹی گیشن پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب عامر ذوالفقار خان ، اے آئی جی آپریشنز پنجاب وقار عباسی کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لاہور ، سیہون شریف اور ملک کے دیگر علاقوں کے بم دھماکوں میں شہید ہونے والوں بالخصوص کیپٹن ریٹائرڈ سید احمد مبین اور ایس ایس آپریشنز زاہد محمود گوندل سمیت پولیس شہدا کی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی ۔

کانفرنس میں بتایا گیا کہ گذشتہ4روز کے دوران پنجاب میں 387سرچ اور کومبنگ آپریشنز کئے گئے جن کے دوران 22379افراد کو چیک کیا گیا جن میں 92افراد کے خلاف فارن ایکٹ ، کرایہ داری ایکٹ ، ناجائز اسلحہ اور منشیات کے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کا مورال پہلے سے کہیں زیادہ بلند ہے اور مستقبل میں بھی فرائض کی بجا آوری اور شہریوں کی جان و مال اور عزت کے تحفظ کیلئے پنجاب پولیس کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

انہوں نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو مزید ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے ، خاص کر پولیس افسران اور اہلکار دوران ڈیوٹی ایک جگہ مجتمع ہو کر ڈیوٹی دینے کی بجائے ایک دوسرے سے فاصلہ رکھتے ہوئے چوکنے ہوکر فرائض سر انجام دیں ۔ انہوں نے کہا کہ حساس اضلاع اور علاقوں بالخصوص لاہور میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کے گرد دگھیرا تنگ کرنے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے ۔

متعلقہ عنوان :