وزیر اعلیٰ پنجاب سے چیف کمشنر پاکستان بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن و سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی کی قیادت میں سکاؤٹس کے وفد کی ملاقات

دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کر رہا ہے ، ہمیں اتحاد کی قوت سے دشمن کے عزائم کو ناکام بنانا ہے‘شہباز شریف قوم کو مل کر دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کرنا ہے اورپاکستان کی ترقی و استحکام کیلئے تمام اکائیوں کو یکجا ہو کر آگے بڑھنا ہے بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی پر ان کے مشکور ہیں‘سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی

جمعہ 17 فروری 2017 20:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چیف کمشنر پاکستان بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن و سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی کی قیادت میں سکاؤٹس کے وفد نے ملاقات کی-وزیر اعلی پنجاب اور سپیکر بلوچستان اسمبلی نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کی- دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اورجاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا گیا- وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے اور یہ وقت اتحاد ، اتفاق اور یکجہتی کا ہے - قوم کو مل کر دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کرنا ہے اورپاکستان کی ترقی و استحکام کیلئے تمام اکائیوں کو یکجا ہو کر آگے بڑھنا ہے - انہوںنے کہا کہ دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کر رہا ہے اور ہمیں اتحاد و اتفاق کی قوت سے دشمن کے عزائم کو ناکام بنانا ہے - انہوں نے کہا کہ سکاؤٹنگ کے ادارے نے ماضی میں انتہائی فعال انداز میں کام کیا ، اس لئے اس ادارے کو دوبارہ بحال کرنے کی ضرورت ہے - انہوں نے کہا کہ سکاؤٹنگ کو فروغ دے کر نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکتا ہی- سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی نے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہیں - انہو ںنے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف نے بلوچستان کے طلباء و طالبات کا پنجاب کے تعلیمی اداروں میں خصوصی کوٹہ مقرر کیا ہے اور بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں وزیر اعلی شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی پر ان کے مشکور ہیں- انہوں نے کہا کہ آپ نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کی خدمت کیلئے بھرپور تعاون کیا ہے - وزیر اعلی سے ملاقات کرنے والے وفد میںانٹرنیشنل کمشنر پاکستان بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن عبدالمنان ، نیشنل سیکرٹری پاکستان بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن زاہد محبوب، اورسیکرٹری پنجاب بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن طارق قریشی شامل تھی-صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد، ایڈیشنل چیف سیکرٹری و صوبائی کمشنر پنجاب بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن شمائل احمد خواجہ، سینئر ممبر بورڈآف ریونیو اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھی-