Live Updates

سپیکر نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی نا اہلی کیلئے دائر ریفرنس مسترد کر دیا ،پی ٹی آئی نے 20فروری کو پارلیمانی پارٹیز کا اجلاس طلب کر لیا

ریفرنس ہائیکورٹ کے جس فیصلے کی بنیاد پر دائر کیا گیا تھا وہ اسی عدالت میں انٹر ا کورٹ اپیل کے ذریعے چیلنج ہو چکا ہے آئین کے آرٹیکل 63کی ضمنی شق (2) کے تحت نا اہلی کا سوال پیدا ہونا قبل از وقت ہے ،ریفرنس الیکشن کمیشن کو نہیں بھجوایا جا سکتا‘ فیصلہ سپیکر غیر جانبدارانہ کردار ادا کرنے میں ناکام رہے ،ریفرنس مسترد کر کے آئین و قانون کی خلاف ورزی کی‘ قائد حزب اختلاف محمو دالرشید پیر کے روز منعقدہ اجلاس میں سپیکر کیخلاف اسمبلی میں قرار داد لانے، اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کے فیصلہ اور احتجاج کے حوالے فیصلہ متوقع ‘ ذرائع

جمعہ 17 فروری 2017 19:59

سپیکر نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی نا اہلی کیلئے دائر ریفرنس مسترد کر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے تحریک انصاف کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی نا اہلی کیلئے دائر ریفرنس مسترد کر دیا جبکہ پی ٹی آئی نے ریفرنس مسترد کئے جانے پر آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے پیر کے روز پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس طلب کر لیا ۔سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمو الرشید ، پی ٹی آئی پنجاب کے سابق صدر اعجاز احمد چودھری اور دیگر ارکان اسمبلی کی جانب سے 20جنوری 2017کو وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے خلاف دائر کئے جانے والے آئینی ریفرنس پر گزشتہ روز اپنا فیصلہ سنا یا۔

فیصلے کے مطابق چونکہ یہ ریفرنس معزز ہائیکورٹ لاہور کے جس فیصلے کی بنیاد پر دائر کیا گیا تھا وہ اسی عدالت عالیہ میں انٹر ا کورٹ اپیل نمبر 1455and1456/2016کے ذریعے چیلنج ہو چکا ہے اور ابھی زیر سماعت ہے جس کی وجہ سے آئین کے آرٹیکل 63کی ضمنی شق (2) کے تحت نا اہلی کا سوال پیدا ہونا قبل از وقت ہے لہٰذااس ریفرنس کو الیکشن کمیشن کو نہیں بھجوایا جا سکتا۔

(جاری ہے)

چونکہ آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت سپیکر کو اپنا فیصلہ30 دن کی مدت کے اندر سنانا ضروری تھا جو 18فروری2017کو پوری ہو رہی ہے لہٰذا سپیکر نے ریفرنس پر اپنا فیصلہ سنا دیا ۔ سپیکر سیکرٹریٹ نے فیصلے کی نقول تمام فریقین اورالیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھی بھجوا دی ہے۔ دوسری طرف پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے سپیکر کی طرف سے ریفرنس مسترد کرنے پر پیر کو پارلیمانی پارٹیز کا اجلاس طلب کر لیا۔

پی ٹی آئی کے اعلامیے میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اجلاس میں سپیکر کیخلاف اسمبلی میں قرار داد لانے اور اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کے حوالے سے فیصلہ متوقع ہے ۔محمود الرشید نے کہا ہے کہ سپیکر رانا اقبال غیر جانبدارانہ کردار ادا کرنے میں ناکام رہے ۔سپیکر نے ریفرنس مسترد کر کے آئین و قانون کی خلاف ورزی کی۔شہباز شریف کیخلاف عدالتی فیصلے آنے کے ریفرنس مسترد کر نے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔اقدام کو عدالت عالیہ میں چیلنج کریں گے۔ا نہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی طرح سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال خان نے بھی اپنی نوکری بچائی ۔سپیکر اسمبلی نے جانبداری کا مظاہرہ کیا، عوام میں جائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات