درخت انسانی حیات کے لیے ناگزیر ہیں، جنگلات کا تحفظ کیا جائے،مرتضیٰ جاوید عباسی

درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ،کار ثواب میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ،گرین پاکستان کا منصوبہ ملک کی سماجی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریگا،ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

جمعہ 17 فروری 2017 19:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی جاوید مرتضیٰ عباسی نے ضلع ایبٹ آباد میں نگری ٹوٹیال اور زیارت معصوم کے مقامات پر پودے لگا کر موسم بہار کی شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ ان مواقعوں پر عمائدین علاقہ محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام کے علاوہ عوام کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔نگری ٹوٹیال اور زیارت معصوم میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے جنگلات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ درخت انسانی حیات کے لیے ناگزیر ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلوں اور بڑ ھتے ہوئے عالمی درجہ حرارت سے نمٹنے، ملک کو سرسبزو شاداب بنانے اور آلودگی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ جنگلات کے رقبے میں اضافہ کیا جائے اور موجودہ جنگلات کا تحفظ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان میں جنگلات ملک کے مجموعی رقبہ کا صرف 5فیصد ہیں جبکہ عالمی پیمانے کے مطابق اس کو 25فیصد ہونا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمدنوازشریف نے عالمی سطح پر ہونے والی موسمیاتی تبدیلوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے گرین پاکستان پروگرام کا اجراء کیا ہے۔ جس کا مقصد پاکستان میں جنگلات اور جنگلی حیات کو تحفظ فر ا ہم کرنا اور جنگلات کے رقبے میں اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ گرین پاکستان کا منصوبہ ملک کی سماجی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اور اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے عوام کو شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہزارہ ڈویژن کو بے پناہ قدرتی حسن سے نوازا ہے اور جنگلات اس علاتے کی خوبصورتی کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی اور شجر کاری کے سلسلہ میں بے توجہی کی وجہ سے اس علاقے کے حسن کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ درخت نہ صرف کرہ ارض کے ایکو سسٹم کے لیے ضروری ہیں بلکہ اس کے دیگر بے پناہ فوائد ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جنگلات کے فروغ اور تحفظ کے لیے بہت سنجیدہ ہے اور ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے لیکن اس کی کامیابی عوام کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اس لیے اس کار ثواب میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ۔ انہوں نے جنگلات کے فروغ کے لیے عوامی سطح پر نرسریاں لگانے اور جنگلات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔