دہشتگردوں کا نہ کوئی دین ہوتا ہے ،نہ ہی کوئی مذہب اور نہ ہی انسانیت سے کوئی رشتہ ہوتا ہے ‘یہ لوگ جانوروں اور درندوں سے بھی بڑھ کر پتھر دل ہیں‘ ان کے دل میں نہ ہی کسی کیلئے محبت ہوتی ہے اور نہ ہی درد

مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی پارٹی کارکنوں سے بات چیت

جمعہ 17 فروری 2017 19:33

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا نہ کوئی دین ہوتا ہے ،نہ ہی کوئی مذہب اور نہ ہی انسانیت سے کوئی رشتہ ہوتا ہے یہ لوگ جانوروں اور درندوں سے بھی بڑھ کر پتھر دل ہیں۔ ان کے دل میں نہ ہی کسی کیلئے محبت ہوتی ہے اور نہ ہی درد۔

ان خیالات کا اظہار چودھری پرویز الٰہی نے جمعہ کے روز اپنی رہائشگاہ پر کارکنان کے وفد سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کو روکنا صرف حکومت اور اداروں کا ہی فرض نہیں بلکہ ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائے۔ انہوں نے سیہون شریف میں حضر ت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر دہشتگردی کے اندوہناک سانحہ پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خدا ان دہشتگردوں کو غارت کرے جن کی دہشتگردی کی وجہ سے بے گناہ لوگ کثیر تعداد میں شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے ہم اپنی بہادر فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر قربانی دینے کو تیار ہیں جس سے وطن عزیز سے دہشتگردی کی لعنت ختم ہو سکے۔ انہوںنے اپنے پیغام میں شہدا اور زخمیوں کے ورثا اور لواحقین سے بھی غم اور دکھ کا اظہار کیا۔