قائمہ کمیٹی کی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے آئندہ مالی سال کیلئی1116ملین روپے کے 11 منصوبوں کی منظوری

جنگلات کے تحفظ کی پالیسی کو فوری طور پر نافذ کیا جائے اور اس کی موثر نگرانی کا بھی سسٹم بنایا جائے، کمیٹی کی سفار ش

جمعہ 17 فروری 2017 19:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی نے وزارت کے آئندہ مالی سال کے لئے 8جاری اور3نئے پی ایس ڈی پی منصوبوں کیلئے 1116ملین روپے کی منظوری دے دی ،کمیٹی نے سفارش کی کہ جنگلات کے تحفظ کی پالیسی کو فوری طور پر نافذ کیا جائے اور اس کی موثر نگرانی کا بھی سسٹم بنایا جائے۔

قائمہ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو چیئرمین ڈاکٹر حفیظ الرحمان خان درشک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا جس میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مالی سال 2017-18کی بجٹ تجاویز کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں رکن کمیٹی سلمان حنیف ،معین وٹو ، طاہرہ اورنگزیب ، خالدہ منصور ، کرن عمران ڈار، نگہت پروین میر، مائزہ حمید، عمران ظفر لغاری ، مراد سعید ، نعیمہ کشور خان ، شہناز سلیم ، ملک اعتبار خان ،مسرت احمد زیب ، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد اور وزارت کے حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وزارت کے حکام کی طرف سے بجٹ سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے آئندہ مالی سال کے لئے مجموعی طور پر 11منصوبے ہیں جن میں سے 1116ملین روپے درکار ہیں ۔جیومیٹرک سینٹر منصوبے کی کاسٹ 48.9ملین روپے ہے ۔جیو میٹرک منصوبے کا مقصد نیچرل ریسورسز کی میپنگ اور سیٹلائٹ ڈیٹا حاصل کرنا ہے ۔حکام نے بتایا کہ چیڑ ،دیار، شیشن ، کیکر اور ببول وغیرہ مقامی پودے ہیں ،9فروری کو پورے پاکستان میں ایک ساتھ گرین پاکستان پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے ۔

جنگلی حیات کے وسائل کی بحالی کیلئے گرین پاکستان پروگرام کی مجموعی کاسٹ 585ملین روپے ہے ۔ آئندہ مالی سال کیلئے اس پروگرام کے لئے 178 ملین روپے درکار ہیں ۔جیالوجیکل سروے پروگرام کی مجموعی کاسٹ76.73ملین روپے ہے ۔آئندہ مالی سال 42.49روپے درکار ہیں ۔ وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا کہ گرین پاکستان پروگرام میں جنگلات اور جنگلی حیات کیلئے کام ہوگا ۔

وفاقی حکومت نے ایک صوبائی معاملے کیلئے پروگرام شروع کیا ۔ گرین پاکستان ایک تاریخی پروگرام ہے ۔صوبوںنے بھی گرین پاکستان کیلئے مثبت جواب دیا ہے ۔قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی نے وزارت کے آئندہ مالی سال کے لئے 8جاری اور3نئے پی ایس ڈی پی منصوبوں کیلئے 1116ملین روپے کی منظوری دے دی ۔کمیٹی نے سفارش کی کہ جنگلات کے تحفظ کی پالیسی کو فوری طور پر نافذ کیا جائے اور اس کی موثر نگرانی کا بھی سسٹم بنایا جائے ۔ قائمہ کمیٹی نے وزارت کو رواں اور گزشتہ سال غیر ملکی دوروں پر جانے والے وزارت کے حکام اور افسران کی لسٹ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کردی ۔ (ار)