افسران اپنے متعلقہ وائلڈلائف پارکس ، چڑیاگھروں میں سکیورٹی انتظامات مزید بہتر بنائیں

سکیورٹی پر تعینات سٹاف کو ہمہ وقت چوکس رکھیں، شائقین کو میٹل ڈی ٹیکٹر کے ذریعے چیک کریں‘ترجمان محکمہ جنگلی حیات

جمعہ 17 فروری 2017 18:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء)محکمہ تحفظ جنگلی حیا ت و پارکس پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبہ بھر کے افسران کو ان کے زیر انتظام دفاتر ، وائلڈلائف پارکس اور چڑیاگھروںمیں سکیورٹی انتظامات کومزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز، چڑیاگھروں کے ڈائریکٹرصاحبان اور پارکس کے انچارج افسران کو ملک میں سکیورٹی کی موجود ہ صورتحال کے پیش نظراپنے متعلقہ علاقوں میں سکیورٹی اقدامات کو مزید موثربنانے اور سکیورٹی پر تعینات سٹاف کوہمہ وقت چوکس رکھنے کے پابند ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ افسران کو جاری کردہ مراسلہ میں انہیں اپنے دفاتر ، پارکس اورچڑیاگھروں کے تمام داخلی دروازوںپر واک تھروگیٹس کی تنصیب یقینی بنانے ، شائقین کو میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے چیک کرنے ،دفاتر اور دیگر عمارات کی دیواروں پر کانٹے دارتارلگانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران سے نزدیکی رابطے رکھنے اور سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے وقتاًفوقتاًجاری ہونیوالی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات میں غفلت کا مظاہر ہ کرنے والوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پرعمل کرتے ہوئے سخت محکمانہ کارروا ئی عمل میں لائی جائے گی ۔