سری لنکا نے آسٹریلیا کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے ہرا دیا، سری لنکا کو تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل، گونارتنے نے 52 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

جمعہ 17 فروری 2017 18:58

سری لنکا نے آسٹریلیا کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 5 ..
میلبورن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) سری لنکا نے آسٹریلیا کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، سری لنکا نے 169 رنز کا ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر 5 وکٹوں پر پورا کیا، اسیلا گونارتنے اور دلشان موناویرا نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، گونارتنے 52 اور موناویرا 44 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، گونارتنے کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو میلبورن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں سری لنکن قائد اپل تھرنگا نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 168 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، کپتان ایرون فنچ اور مائیکل کلنگر نے ٹیم کو 76 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا تاہم اس کے باوجود کینگروز ٹیم بڑا ٹوٹل قائم نہ کر سکی، دونوں اوپنرز کے آئوٹ ہونے کے بعد کینگروز کا کوئی بھی بلے باز متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، فنچ 43، کلنگر 38، ٹریوس ہیڈ 31، موئسز ہنرکس 17، آشٹن ٹرنر 18 اور ٹم پین بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، جیمز فالکنر 14 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، لاستھ مالنگا نے 2 بندارا اور گونارتنے نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں سری لنکن ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر 5 وکٹوں پر حاصل کیا، اسیلا گونارتنے نے ڈٹ کر کینگروز بائولرز کا مقابلہ کیا اور 52 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، موناویرا 44، نیروشن ڈکویلا 30، سری وردنا 15 اور کپتان تھرنگا صفر پر آئوٹ ہوئے، کپوگیدرا 10 اور پراسانا 8 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ٹرنر اور زمپا نے دو، دو جبکہ کمنز نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :