ضلع ڈیرہ غازیخان میں انسداد پولیو مہم 27فروری سے شروع ہو گی

جمعہ 17 فروری 2017 18:28

ڈی جی خان۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) ضلع ڈیرہ غازیخان میں پانچ سال تک کے پانچ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کیلئے خصوصی مہم 27فروری سے شروع ہو گی جس میں 3155افرادی قوت فرائض انجام دے گی ․ مہم کیلئے 1451ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جن میں 1304موبائل 87فکسڈ اور 60ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں ․ حضرت سخی سرور ؒ کے عرس کے حوالے سے دربار پر ٹیموں کی تعداد دو سے بڑھا کر 12کر دی گئی ہے ․ یہ بات ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم کی زیر صدارت ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی ․ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ پولیو ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے ․ ضلع کی حدود میں پانچ سال تک کے ہر بچہ کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں ․ ضلع کے داخلی و خارجی مقامات پر آنے والے ہر بچے تک رسائی حاصل کی جائی․ حفاظتی ویکسین پلانے سے انکار کرنے والے خاندانوں کو قائل کرنے کیلئے علماء ، مقامی اراکین اسمبلی ، منتخب نمائندوں اور معززین کی خدمات حاصل کی جائیں ․ ضرورت پڑنے پر مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں ․ انہوںنے کہاکہ پولیو سے متاثرہ بچہ صحت مند بچوں کو بھی وائرس منتقل کر سکتا ہے او رضلع ڈیرہ غازیخان خیبرپختونخواہ اور بلوچستان سے منسلک ہونے کی وجہ سے زیادہ حساس ہے ․ اس لیے ٹیموں کو زیادہ متحرک اور فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ․ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ایک فرد کی ناقص کارکردگی سے پوری مہم ناکام ہو سکتی ہے اس لیے دوسروں کی کارکردگی متاثر کرنے والوں کو بے نقاب کرتے ہوئے سخت کارروائی کی جائی․ اجلاس کو بتایاگیاکہ 2016کے دوران مارکیٹ سروے ، ایل کیو ایس اور انڈرائیڈ فون کی کوریج کے انڈیکیٹرز کے حوالے سے ضلع ڈیرہ غازیخان صوبہ بھر میں سرفہرست رہا ․مہم میں پانچ لاکھ 80ہزار 683بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیاگیاہے ․ اجلا س میں اسسٹنٹ کمشنرزعبدالغفار ، عبدالجبار ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر منور عباس ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر گل حسن ، ڈاکٹر ملک ریاض ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام ڈاکٹر خلیل احمد ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر کامران اصغر، ڈاکٹر محمد عابد ، ضلعی آفیسر بہبود آبادی ہما مہدی لغاری ، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر عاطف حسیب ، سوشل ویلفیئر آفیسر محمد ابراہیم ، ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر عبدالروف ، ڈاکٹر ناصر ، یونیسف کے کلیم اللہ طاہر ، ڈی ایس پی ٹریفک محمد خالد ، رسالدار بی ایم پی خرم کھوسہ ،قاری جمال عبدالناصر ، سید سجاد حسین نقوی سمیت کمیٹی کے دیگر اراکین موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :