ادبی بیٹھک کی ساتویں سالگرہ سادگی سے منائی گئی

جمعہ 17 فروری 2017 18:28

ملتان۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء)دہشت گردی کی حالیہ لہر کے باعث ملتان آرٹس کونسل کی ادبی بیٹھک کی ساتویں سالگرہ سادگی کے ساتھ منائی گئی۔اس موقع پر ادبی بیٹھک میں منعقدہ تقریب کے دوران ہرسال کی طرح کیک کاٹاگیا اور نہ ہی پھولوں اورتحائف کاتبادلہ ہوا۔تقریب کی صدارت سخن ور فورم کے بانی چیئرمین رضی الدین رضی نے کی۔

مہمان خصوصی شاکر حسین شاکر، وسیم ممتازاورقمررضا شہزاد تھے جبکہ سید سہیل عابدی ،ضیاء ثاقب بخاری،لقمان ناصر،قیصر عمران مگسی اورمحمد علی رضوی نے بھی مہمان اعزاز کے طورپر تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے عدیل الرحمن،عدیل احمد،شہزاد عمران خان اوردیگر نوجوانوں نے کہاکہ ادبی بیٹھک ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس نے ہمیں لکھنے کاحوصلہ دیا۔

(جاری ہے)

یہاں سینئرز کی موجودگی میں ہمیں بہت کچھ سیکھنے کوملااورہم اس بیٹھک کے ذریعے اپنی پہچان کروارہے ہیں۔ضیاء ثاقب بخاری ،سہیل عابدی،قیصرعمران مگسی ،لقمان ناصر اورمحمد علی رضوی نے کہاکہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم آج ادبی بیٹھک کے سات سال مکمل ہونے پر دیگر دوستوں کے ساتھ یہاں جمع ہوئے ہیں۔ہم بیٹھک کے پہلے اجلاس میں بھی موجودتھے اور اس وقت ہمیں بھی یقین نہیں تھا کہ یہ بیٹھک اس تسلسل کے ساتھ تقریبات اور اجلاسوں کو جاری رکھ سکے گی۔

مسیح اللہ جامپوری ،ہاشم خان،شاہدراحیل خان،اسرارچوہدری،مرتضی زمان گردیزی، اشھرحسن کامران ،قیصرعباس صابر،احمد مسعود قریشی ،زاہد گردیزی نے کہاکہ ادبی بیٹھک میں ملتان میں بہت سی نئی روایات قائم کی ہیں۔ملتان میں دم توڑتی مجلسی زندگی کو ادبی بیٹھک نے نئی توانائی دی۔یہاں ہرشخص کو احترام دیاگیا۔خالصتاً ادب اور ادیب پر بات ہوئی۔

نئے موضوعات زیربحث آئے اور اس بیٹھک کے اراکین اب ایک دوسرے کے دکھ درد اور خوشیوں کے ساتھی بن چکے ہیں۔وسیم ممتاز ،شاکرحسین شاکر اور قمررضاشہزادنے کہاکہ ہم اپنے کام سے کام رکھتے ہیں اور تنازعات سے خود کودوررکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔اگر کوئی ہم پر اعتراض کرتا ہے تو ہم جواب میں اس لیے خاموش رہتے ہیں کہ یہ بیٹھک اور ہماری تخلیقات ہی ہراعتراض کا جواب ہے۔

رضی الدین رضی نے کہاکہ آج ہم روایت سے ہٹ کر اگر یہ تقریب سادگی کے ساتھ منارہے ہیں تو دراصل ہم یہ پیغام بھی دینا چاہتے ہیں کہ ادیب،شاعر اوردانشور بھی آج کی صورتحال پر اسی طرح فکرمند ہیں جیسے پوری قوم سوگوار ہے۔انہوں نے کہاکہ قلمکار ہمیشہ سے امن کے داعی ہیں اور ہم ادبی بیٹھک کے ذریعے بھی محبت کا پیغام ہی عام کررہے ہیں۔ قلمکار اپنی تخلیقات کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ ادبی بیٹھک ہر قسم کے تعصب سے بالاتر ہوکر اس خطے کی خوبصورت روایات کو مستحکم کرتی رہے گی۔