مزارات ، امام بارگاہوں ، مساجد اور دیگر مقامات کو نشانہ بنانے والے پاکستان کے دُشمن ہیں،خواتین اراکین قومی و صوبائی اسمبلی

جمعہ 17 فروری 2017 18:28

ملتان۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عزم ظاہرکیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج اور حکو مت کا بھر پور ساتھ دیا جائے گا ۔انہو ں نے کہا کہ مزارات ، امام بارگاہوں ، مساجد اور دیگر مقامات کو نشانہ بنانے والے پاکستان کے دُشمن ہیں اور ہم ان کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

ایم این اے شاہین شفیق نے کہا ہے کہ پوری قوم مشکل کی اس گھڑی میں اپنا حوصلہ بُلند رکھیں بے شک یہ بُہت بڑا سانحہ ہے ۔دہشت گردوں کو کیفرِکردار تک پہنچایا جائے گا ۔ایم پی اے خولہ امجد نے کہا کہ دہشت گرد مُلک کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو مُتحد ہونا ہے اور مُلک کی سلامتی کے لیے دُعائیں کرنی ہیں ۔

(جاری ہے)

اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کے دوران کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ دہشت گرد قوم کے حوصلے پست کرنا چاہتے ہیں مگر ہم حوصلہ نہیں ہاریں گے ۔ ایم پی اے سُلطانہ شاہین نے کہا کہ یہ بُہت بڑا سانحہ ہے ۔دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا ۔ مُلک دُشمن قوتیں پاکستان میں بد امنی پھیلاکر ہمیں معاشی طور پر کمزور کرنا چاہتی ہیں ان کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہو گا ۔ ہم مسلمان قوم اپنے ایمان میں مضبوط ہیں پریشانی کا مقابلہ ڈٹ کر کریں گے ۔ سماجی رہنما زہرہ سجادزیدی نے کہا ہے کہ اس سانحہ کی پُر زور مذمت کرتے ہیں ۔ دہشت گرد ہمیں ذہنی طور پر مفلوج کرنا چاہتے ہیں مگر ہم سب کو مُتحد رہنا ہے۔