صوبہ میں این جی اوز کا کردار اہمیت کا حامل ہے ،گورنر سندھ

دور دراز علاقوں میں آباد لوگوں کیلئے تعلیم وصحت سمیت دیگر شعبہ زندگی میں فوری ،مفت سہولیات کی فراہمی میں این جی اوز معاون ثابت ہورہی ہیں ، محمد زبیر

جمعہ 17 فروری 2017 18:22

صوبہ میں این جی اوز کا کردار اہمیت کا حامل ہے ،گورنر سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیرنے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے میں این جی اوز کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہو تا ہے باالخصوص صوبہ سندھ کے دور دراز علاقوں میں آباد لوگوں کے مسائل کے حل میں یہ معاون ثابت ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ غیر سرکاری اداروں کی خدمات سے غریب اور مستحق افراد کو فوری اور مفت سہولیات مہیا ہو رہی ہیں جن میں صحت اور تعلیم جیسی بنیاد ی سہولیات بھی شامل ہیں اس ضمن میں دائود گلوبل فائونڈیشن کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دائو د گلوبل فائونڈیشن کی صدر تارا عزرا دائود سے گورنر ہائوس میں ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں دائو د گلوبل فائونڈیشن کی صدر تارا عزرا دائود نے گورنر سندھ کو دور دراز علاقوں میں آباد لوگوں کے مسائل ، گلوبل فائونڈیشن کی خدمات ، صحت وتعلیم کی فراہمی اور حائل رکاوٹوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں تعلیم یافتہ خواتین انتہائی ضروری شمار کی جاتی ہیں ترقی یافتہ ممالک میں تعلیم یافتہ خواتین کا کردار کلیدی رہا ہے لیکن پاکستان میں تعلیم یافتہ خواتین کی شرح بہت کم ہے اس ضمن میں این جی اوز کا کردار قابل تحسین ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں صحت و تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں اور انفرااسٹرکچرکے لئے بھی غیر سرکاری اداروں کا کردار نمایاں ہے ۔ گورنر سندھ نے دائو د گلوبل فائونڈیشن کی تعلیم و صحت اور دیگر شعبوں میں کاوشوں کو بھی سراہا۔

متعلقہ عنوان :