صوبائی اور علاقائی بنیادوں پر بلیم گیم کی بجائے پورے ملک اور قوم کو متحد ہو کر دہشتگردی کے ناسور کو کچلناہوگا ‘لیاقت بلوچ

جمعہ 17 فروری 2017 18:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لعل شہباز قلند ر کی درگاہ پر دہشتگردی کے المناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پنجاب ، سندھ ، خیبر پختونخوا ، بلوچستان اور فاٹا میں پے در پے دہشتگردی کے واقعات نے عیاں کر دیاہے کہ پاکستان دشمن قوتوں کا پاکستان میں دہشتگردی نیٹ ورک برقرار ، مضبوط اور فعال ہے ۔

صوبائی اور علاقائی بنیادوں پر بلیم گیم کی بجائے پورے ملک اور قوم کو متحد ہو کر دہشتگردی کے ناسور کو کچلناہوگا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ مساجد ، مدارس ، درگاہیں اور خانقاہیں اسلام سے محبت و عقیدت اور پاکستان کی سلامتی کے مضبوط مورچے ہیں ۔ بیرونی آلہ کار اور حکومتوں کی آستینوں میںچھپے دین بیزار اور کرپٹ عناصر ہی دہشتگردی کے سرپرست ہیں ۔

(جاری ہے)

ملک میں مالی دہشتگرد اپنی مرضی کا ماحول بنا کر احتساب کا دروازہ ہمیشہ کے لیے بند کر دینا چاہتے ہیں ۔پوری قوم نظریاتی ، مالی ، قومی سلامتی اور عوام کی جان و مال کے دشمن دہشتگردوں کے خلاف یک جان اور یک آواز ہو جائے۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ پورے ملک کی مساجد میں دہشتگردی کی تازہ لہر کے خلاف علما نے خطاب کیے اور شہدا کی درجات کی بلندی ، مریضوں کی شفا ء اور متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر کی دعائیں کرائی گئیں ۔ اسلامیان پاکستان صبر و استقامت اور عزم کے ساتھ دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے ۔