پی ٹی ڈی سی کا اسلام آباد سٹی ٹور بس سروس کے اجراء کا فیصلہ

جمعہ 17 فروری 2017 18:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) پاکستان ٹورارزم ڈیویلپمنٹ کا رپوریشن (پی ٹی ڈی سی ) نے اسلام آباد سٹی ٹور بس سروس کے اجراء کا فیصلہ کیا ہے ‘9 جدید بسوں سے اس جدید سروس کا آغاز کیا جائے گا ‘ اس بس سروس کا روٹ لوک ورثہ میوزیم، شکر پڑیاں، نیشنل مونومنٹ، لیک ویو پارک، دامن کو ہ اور فیصل مسجد پر مشتمل ہوگا ۔

ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بس سروس کی افتتاحی تقریب پاک چائنہ سنٹر میں عنقریب منعقد کی جائے گی۔ اس سروس کے روٹ میں لوک ورثہ میوزیم، شکر پڑیاں، نیشنل مونومنٹ، لیک ویو پارک، دامن کو ہ اور فیصل مسجد شامل ہیں ۔ اس سلسلے میں مختلف اسکولوں اور کالجز کے نمائندگان سے متعدد ملاقاتیں ہو چکی ہیں جنہوں نے اس سروس کے اجرا کو سراہا اور یقین دہانی کروائی کہ طلبا و طالبات کی بڑی تعداد اس سروس سے مستفید ہو گی۔

(جاری ہے)

چوہدری عبدالغفور نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری نوجوان نسل میں اپنے ملک کی سیر و سیاحت کا شعور اجاگر ہو اور انہیں اپنی قومی ثقافت سے روشناس کروایا جائے ۔ اسکولز اور کالج کے طلبا و طالبات کو ان سرگرمیوں میں شامل کرنے سے نہ صرف ان میں سیاحت کی اہمیت کا اندازہ ہو گا بلکہ اس سے ان کی مشکل حالات نے نمٹنے اور قائدانہ صلاحیتوںمیں اضافہ ہوگا جس کے ساتھ ساتھ وہ تفریحی سرگرمیوں سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔ طلبا و طالبات کیلئے پی ٹی ڈی سی نے پاکستان ٹورازم فرینڈز کلب کا بھی اجرا ء کیا ہے جس کے ممبران پی ٹی ڈی سی کی سہولیات اور ٹرانسپورٹ میں خصوصی رعایتی پیکجز سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :