سیون شریف لعل شہباز قلندر درگاہ میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں‘قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد و منظم ہو کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائے

چیف آرگنائزر آل آزاد کشمیر انجمن تاجران چوہدری نعیم کی سیون شریف بم دھماکے کی شدید مذمت

جمعہ 17 فروری 2017 17:53

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) چیف آرگنائزر آل آزاد کشمیر انجمن تاجران و صدر مرکزی انجمن تاجران میرپور چوہدری محمد نعیم نے سیون شریف لعل شہباز قلندر درگاہ میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد و منظم ہو کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائے ۔ وطن عزیز کی سلامتی سب سے عزیز ہے۔

لاہور اس کے بعد سیون شریف میں بم دھماکے پاکستانی قوم کے حوصلے پشت نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر ان مٹھی بھر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ سیون شریف میں بم دھماکے سے شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ خداوند کریم ان شہداء کو بلند اور اعلیٰ درجات عطا فرمائے۔ تاجر برادری وطن عزیز کی سلامتی کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کو تیا رہے ۔

پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن جان لے کہ پاکستانی قوم متحد و منظم ہے اور دشمن کی کسی چال کو کامیاب نہیں ہونے دیں۔ حکومت دہشت گردی کے خلاف سخت موقف اختیار کرے اور دہشت گردوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ جو معصوم بے گناہ لوگوں کو شہید کر کے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتے ہیں۔