محکمہ تحفظ جنگلی حیا ت و پارکس نے وائلڈلائف پارکس ، چڑیاگھروں میں سکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کر دی

جمعہ 17 فروری 2017 17:52

ْ لاہور۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) محکمہ تحفظ جنگلی حیا ت و پارکس نے صوبہ بھر میں وائلڈلائف پارکس ، چڑیاگھروں میں سکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کر دی، محکمہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز، چڑیاگھروں کے ڈائریکٹرز اور پارکس کے انچارجز ملک میں سکیورٹی کی موجود ہ صورتحال کے پیش نظراپنے متعلقہ علاقوں میں سکیورٹی اقدامات کو مزید موثربنانے اور سکیورٹی پر تعینات سٹاف کوہمہ وقت چوکس رکھنے کے پابند ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افسران کو جاری کردہ مراسلہ میں انہیں اپنے دفاتر ، پارکس اورچڑیاگھروں کے تمام داخلی دروازوںپر واک تھروگیٹس کی تنصیب یقینی بنانے ، شائقین کو میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے چیک کرنے ،دفاتر اور دیگر عمارات کی دیواروں پر کانٹے دارتارلگانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران سے نزدیکی رابطے رکھنے اور سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے وقتاًفوقتاًجاری ہونیوالی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات میں غفلت کا مظاہر ہ کرنے والوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پرعمل کرتے ہوئے سخت محکمانہ کارروا ئی عمل میں لائی جائے گی ۔