صدر آزاد کشمیر کی وزراء آزاد کشمیر کی الگ الگ ملاقاتیں، خطے کی مجموعی صورتحال، امن وامان ودیگر امور پر تبادلہ خیال

نوجوان کو گھروں سے گرفتار کر کے نام نہاد مقابلوں میں شہید ،لاشیں مسخ کرنا درد ناک ہے، سردار مسعود خان آزاد کشمیر کے عوام دشمن کی سازشوں سے ہوشیار رہیں،علامہ تصور الجوادی پر قاتلانہ حملہ ، آزاد کشمیر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو سبو تاژ کرنے کی سازش ہے، گفتگو

جمعہ 17 فروری 2017 17:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان سے ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر سردار فاروق احمد طاہر اور وزیر مالیات ، صحت ، منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر نجیب نقی کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں۔ آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال ، تعمیر و ترقی ، امن و امان کی صورتحال مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور سفارتی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہونے والی کوششوں سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے ڈپٹی سپیکر سردار فاروق احمد طاہر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں معمولی وقفے کے بعد بھارتی فوج نے کشمیریوں کے قتل عام کا نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

نوجوان کو گھروں سے گرفتار کر کے نام نہاد مقابلوں میں شہید کر کے ان کی لاشیں مسخ کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال آزاد کشمیر حکومت کے لیے انتہائی درد ناک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام دشمن کی سازشوں سے ہوشیار رہیں۔ گزشتہ روز مظفرآباد میں شعیہ رہنما علامہ تصور الجوادی پر قاتلانہ حملہ ، آزاد کشمیر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو سپو تاژ کرنے اور امن و امان کو خراب کرنے کی سازش ہے ۔ سیاسی رہنما عوام کو دشمن کی اس سازش سے آگاہ کریں۔ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان میں خود کش حملوں اور دہشتگردی کی نئی لہر دراصل سی پیک کو سپو تاژ کرنے کی نا پاک جسارت سے ۔ جس کو ہر صورت ناکام بنانا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس رہیں۔ دہشتگرد ریاست میں بھی کوئی بڑی کارروائی کر سکتے ہیں۔ پاکستان سے ملانے والی شاہرات اور داخلی راستوں پر نگرانی سخت کی جائے ۔

مذہبی رہنما اور علماء کرام خود کش حملوں کی مذمت اور ممانعت کریں ۔ دریں اثناء ڈاکٹر نجیب نقی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کی منصوبہ بندی آئندہ 50 سال کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر کی جائے ۔ پاکستان سے ملانے والی بڑی شاہرات کے علاوہ بین الاضلاعی سڑکوں اور رابطہ سڑکوں کو بھی پختہ اور بہتر بنانے پر توجہ دی جائے ۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ آئندہ 5 برسوں میں آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہونے والا ہے ۔ انشاء اللہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر اور ان کی ٹیم کی شبانہ روز محنت رنگ لائے گی ۔ انہوں نے وزیراعظم کی طرف سے میرٹ کی بالا دستی اور گڈ گورننس کے لیے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں۔

عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ان کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی سکیموں پر خرچ کیا جائے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام اور اپوزیشن جماعتیں بھی کرپشن کے جڑ سے خاتمے کے لیے حکومت سے تعاون کریں گی۔ دونوں رہنمائوں نے صدر آزاد کشمیر کو کامیاب دورہ بلجیم اور ہالینڈ پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے ۔

متعلقہ عنوان :