صدر آزاد کشمیر کی پاک فوج کی ٹین کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا سے ملاقات ، مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحا ل ودیگر امورپر تبادلہ خیال

ظالم فوجی نوجوانوں کو شہید کرنے کے بعد لاشوں کی بے حرمتی کرتے ہیں ،مسخ ،نا قابل شناخت بنا کر جنگلوں میںپھینک دیا جاتا ہے، سردارمحمد مسعود کشمیری قوم پاک فوج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ،ہم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں،بھارت سی پیک کے عظیم منصوبوں کو سپو تاژ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے، گفتگو

جمعہ 17 فروری 2017 17:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان کی پاک فوج کی دسویں کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا سے ملاقات ، مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحا ل ، ایل او سی کے بھمبر سیکٹرمیں تھب کے مقام پر بلا اشتعال گولہ باری اور تین جوانوں کی شہادت اور ملک بھر میں خود کش دھماکوں اور دہشتگردی کی نئی لہر پر تبادلہ خیا ل کیا گیا ۔

صدر آزاد کشمیر نے کور کمانڈر کی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی فوج نے گزشتہ سال سے تلاشیوں اور محاصرے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔ خون جما دینے والی سردی میں خواتین ، بچوں ، بزرگوں اور نوجوان کو رات کے اندھیرے میں گھروں سے باہر نکال کر شناخت پر یڈ کرائی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

بھارتی فوجی خواتین کی بے حرمتی کرتے ہیں اور بزرگوں کو بے توقیر اور زدوکوب کیا جاتا ہے ۔

فوجی نوجوانوں کو گھروں سے گرفتار کر کے لے جاتے ہیں اور جعلی مقابلے میں شہید کر دیا جاتا ہے ۔ بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کی اس طرح نسل کشی کو معمول بنا لیا ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ظالم فوجی نہتے نوجوانوں کو شہید کرنے کے بعد اُن کی لاشوں کی بے حرمتی کرتے ہیں اور مسخ اور نا قابل شناخت بنا کر جنگلوں میںپھینک دیتے ہیں۔

جس پر ہندو مذہب کے پیشوائوں نے بھی احتجاج کیا ہے ۔ اور اُسے فوجیوں کی درندگی قرار دیا ہے ۔ صدر سردار مسعود خان نے بھمبر سیکٹر میں 3 فوجیوں کی شہادت پر کور کمانڈر سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم پاک فوج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام بھارت کے جارحانہ عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان سی پیک کے عظیم منصوبوں کو سپو تاژ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے ۔ ملک بھر میں جاری دہشتگردی کی نئی لہر اور خود کش دھماکے انہی سازشوں کی کڑی ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے درگاہ لعل شہباز قلندر، کوئٹہ ، پشاور اور لاہورمیں خود کش حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن ملک اس طرح کی کارروائیوں سے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خود کش حملوں کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے ۔ صدر آزاد کشمیر نے خود کش دھماکوں میں ہونے والے انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔ اس موقعہ پر کور کمانڈر لفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے ۔ خود کش دھماکوں میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔