دہشت گردکسی بھی طرح معافی کے قابل نہیں،یونائٹیڈ بزنس گروپ

حالیہ خودکش بم دھماکے دراصل پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے،ایس ایم منیر،حسیب خان،گلزار فیروز دہشت گردی جڑسے اکھاڑ پھینکنے کیلئے آپریشن ضرب عضب کو جاری رکھا جائے،خالدتوب،حنیف گوہر،اختیار بیگ،سمیع خان ودیگر

جمعہ 17 فروری 2017 17:45

کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) بزنس کمیونٹی کے نمائندوں نے ملک سے دہشت گردی کی نئی لہر کو ختم کرنے کیلئے سخت ترین اقدامات کرنے کا مطالبہ کردیا۔ یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر،سندھ ریجن کے چیئرمین خالدتواب،سینیٹر عبدالحسیب خان،مرکزی ترجمان گلزار فیروز، حنیف گوہر،ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ ،عبدالسمیع خان،ممتاز شیخ،ملک خدابخش،نوراحمدخان،اکرام راجپوت،رضوانہ شاہد،فرزانہ خان نے اپنے مشترکہ بیان میں حضرت لعل شہباز قلندرؒکے مزارپر ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور، غلنئی اور شبقدر میں خو د کش دھماکوں کے بعد حضرت لعل شہباز قلندرؒکے مزارپر ہونے والا دھماکے میں 76سے زائد شہادتیں اس بات کی متقاضی ہیں کہ دہشت گردکسی بھی طرح معافی کے قابل نہیں، پاکستان میں ہونے والے حالیہ خودکش بم دھماکے دراصل پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے اور پاکستان دشمن قوتیں سی پیک کے ذریعہمستقبل میں پاکستان کو پہنچنے والے فوائد سے خوفزدہ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی وزیراعظم میاں نوازشریف اور انکی حکومت اور پاکستان آرمی کے ساتھ قدم بہ قدم موجود ہے،ملک سے دہشت گردی جڑسے اکھاڑ پھینکنے کیلئے آپریشن ضرب عضب کو جاری رکھا جائے،پاکستان کے تاجر اور صنعتکار دشمنوں کی کسی سازش کوکامیاب ہونے اور ملک کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے۔یو بی جی رہنمائوں نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات میں پاکستان دشمن قوتیں ملوث ہیں، عبادتگاہوں، مزارات اور بازاروں میں معصوم پاکستانیوں کا خون بہانے والے سفاک درندے ہیں مگر ان درندوں کی بزدلانہ کاروائیوں سے قوم کے ارادے کمزور نہیں ہونگے۔

انہوں نے حضرت لعل شہباز قلندرؒمیں شہید افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ بزنس کمیونٹی انکے غم میں برابر کے شریک ہے اور زخمیو ںکی جلد صحتیابی کیلئے دعاگوہیں۔

متعلقہ عنوان :