لعل شہباز قلندرؒ کے مزارکے زائرین پرحملہ پاکستان کی سا لمیت پر حملہ ہے ،قاری محمد عثمان

صوفیاء کرام کی دھرتی پر دہشتگردوں کا راج سندھ حکومت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے،نائب امیر جمعیت علماء اسلام سندھ

جمعہ 17 فروری 2017 17:45

کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے لعل شہباز قلندر کے مزار پر بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیکورٹی فورسز اور سندھ حکومت کی غفلت اور لاپرواہی قراردیااور کہا کہ لعل شہباز قلندر کے مزارکے زائرین پرحملہ پاکستان کی سا لمیت پر حملہ ہے ۔ صوفیاء کرام کی دھرتی پر دہشتگردوں کا راج سندھ حکومت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے ۔

سانحہ لعل شہباز قلندر میں درجنوں زائرین کے قتل عام اور سینکڑوں افراد کے شدیدزخمی ہوجانے سے سندھ دھرتی کا ہر شہری خون کے آنسو رو رہا ہے ۔موجودہ نازک صورتحال میں سندھ کی سب سے بڑی درگاہ جہاں ہزاروں افراد جمع تھے صرف 2پولیس جوانوں کا سیکورٹی پر مامور ہونا خود وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی نا اہلی کا مبین ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی سیکریٹری اطلاعات مولانا تاج محمد ناہیون، جمعیت علماء اسلام ضلع جام شورو کے امیر مولانا محمد قاسم خارانی ،نائب امیر حافظ اللہ دتہ ، تحصیل سیہون شریف کے امیر مولانا محمد رفیق جمالی ، جنرل سیکریٹری مولانا محمد لقمان لغاری اور دیگر سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

قاری محمد عثمان نے کہاکہ ملک میں پے در پے دھماکے انتشار پھیلانے کی سازش ہے۔دہشت گردی کی تازہ لہر نے پورے ملک کو افسردہ کردیا ہے۔ سیکورٹی اداروں اور حکومتی کارکردگی صفر ہے۔ آج پوری قوم سوگوار ہے۔ دشمن ہمارے گھروں پر دستک دے رہا ہے جبکہ حکمران مال بٹورنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شائد ایک بار پھر دہشت گردوں کو پورے ملک پر منظم حملوں کا ٹاسک دیدیا گیا ہے۔

لاہور، کوئٹہ، پشاور اور اب سندھ کا رخ دشمن کی کامیاب حکمت عملی اور ہمارے بے حس حکمرانوں کی غفلت اور لاپرواہی معنی خیز ہے۔ پورے ملک میں ابھرنے والے دہشت گرد حملے لمحہ فکریہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کی جان و مال عزت و آبرو کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ مزارات ،پبلک مقامات اور خانقاہوں کو نشانہ بنانا بدترین ظلم ہے۔

سندھ حکومت ان مراکز کے تحفظ کیلئے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے کا رکن اور مقامی آبادی کے لوگ زخمی افراد کیلئے خون کے عطیات جمع کرنے اور امدادی کارروائیوں میں بھر پور تعاون کریں ۔قاری محمد عثمان نے مطالبہ کیا کہ سانحہ لعل شہباز قلندر کی ایک ہفتہ کے اندر عدالتی تحقیقات کرکے عوام کو آگاہ کیا جائے اور ذمہ داروں کو گرفتار کر کے سر عام پھانسی دی جائے تا کہ آئندہ کوئی ظالم اس قسم کے واقعات کی جرأت نہ کرسکے۔

متعلقہ عنوان :