وفاقی وزیر سردار محمد یوسف سے فلسطینی سفیر ولید ابو علی کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 17 فروری 2017 17:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے پاکستان میں فلسطینی سفیر ولید ابو علی نے ملاقات کی۔ جمعہ کو یہاں وزارت مذہبی امور میں ہونے والی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان اور فلسطین کے مابین بھائی چارے پر مبنی تعلقات ہیں جو کہ مشترکہ ثقافتی اور مذہبی اقدار کے باعث ہیں اور ہمیں ان تعلقات میں مزید اضافہ کی ضرورت ہے۔

فلسطینی سفیر ولید ابو علی نے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کو قبلہ اول بیت المقدس کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان فلسطینی تحریک کی سب سے پہلے حمایت کرنے والا ملک ہے۔ وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں سفارتخانہ کھولنے پر فلسطینی سفیر ولید ابو علی کو مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ پاکستان اور فلسطین کے مابین تعلقات میں تیزی سے اضافہ ہو گا۔