بی ایم جی، کراچی چیمبر کی جانب سے درگاہ شہباز قلندر پرخودکش حملے کی مذمت

لله

جمعہ 17 فروری 2017 17:09

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) بزنس مین گروپ ( بی ایم جی )کی قیادت اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( کے سی سی آئی) کے عہدیداران نے پاکستان کے مختلف حصوں میں یکایک دہشت گردی کے واقعات میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیہون میں درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں 70 سے زائدافراد جاں بحق جبکہ 300 کے قریب زخمی ہوئے۔

جمعہ کو جاری کردہ بیان میں چیئرمین بی ایم جی و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی، وائس چیئرمینز بی ایم جی و سابق صدور کے سی سی آئی طاہر خالق،زبیر موتی والا،ہارون فاروقی،انجم نثار، کے سی سی آئی کے صدرشمیم احمد فرپو،سینئر نائب صدرآصف نثار، نائب صدر محمدیونس سومرونے آرمی چیف کی جانب سے پاکستانیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا فوراًً بدلہ لینے کے عزم کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ایسے ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے جو پاکستان میں امن و استحکام کو برباد کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے دہشت گردوں کا کوئی دین ایمان نہیں اور یہ نہ صرف ملک کے بلکہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں جنہیں کسی بھی قیمت نہ چھوڑا جائے اور انہیں انتہائی سخت اور مثالی سزا ملنی دی جائے۔ بی ایم جی کے رہنمائوں اور کے سی سی آئی کے عہدیداران نے سوگوار خاندانوں سے دلی افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی تاجرو صنعتکار برادری دل کی گہرائیوں سے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میںسیہون اور سندھ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے معصوم لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ عوامی مقامات بشمول درگاہوں، مساجد، امام بارگاہوں اورمختلف مذاہب کے مقدس مقامات پر سیکیورٹی کے سخت ترین اقدامات عمل میں لائیں اور اس قسم کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا جائے جوپاکستان میں امن و سکون کو برباد کرنے کے لئے کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :