فتح جنگ کوہاٹ روڈ پر ٹریفک حادثہ، خاتون سمیت 3افراد جاں بحق ، 2 زخمی

جمعہ 17 فروری 2017 16:38

فتح جنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) فتح جنگ کوہاٹ روڈ پر کار ٹائی راڈ کھلنے کے باعث درخت سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 3افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق فتح جنگ محلہ چاساں والی ڈھیری کے رہائشی نصیر اور شوکت اپنے اہل خانہ کے ہمراہ فتح جنگ سے جنڈ جا رہے تھے کہ کھنڈہ چوک کے قریب گاڑی کا ٹائی راڈ کھل جانے کے باعث گاڑی سڑک کنارے درخت سے جا ٹکرائی جس سے کار میں سوار نصیر ،باسط اور زاہدہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ شوکت اور اس کی اہلیہ مختیار بی بی شدید زخمی ہو گئے ۔

پولیس تھانہ بسال کے ایس آئی سید عمیر عباس نے مقامی افراد کی مدد سے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کی نعشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں راولپنڈی ریفر کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کر کے نعشیں ورثاء کے حوالے کر دی ہیں ۔