اخبار فروش طبقہ رزق حلال کماتا ہے، ان کے مسائل حل کرنا ہم سب کا فرض ہے، تحصیل ناظم ایبٹ آباد

جمعہ 17 فروری 2017 16:37

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) تحصیل ناظم ایبٹ آباد محمد اسحق ذکریا نے کہا ہے کہ اخبار فروش ایسا طبقہ ہے جو رزق حلال کماتے ہیں اس لئے ان کے مسائل کو حل کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ وہ جمعہ کو اپنے دفتر میں اخبار فروش یونین ایبٹ آباد کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ وفد میں ریاست علی اعوان جنرل سیکرٹری اخبار فروش یونین، سرفراز خان سینئر نائب صدر، صغیر محمد اعوان اور دیگر کے علاوہ ایبٹ آباد پریس کلب کے سابق صدور میر محمد اعوان، محمد عامر شہزاد خان جدون اور تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد موجود تھے۔

اخبار فروش یونین کے جنرل سیکرٹری ریاست علی اعوان نے تحصیل ناظم کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے ہمارے دیرینہ مسئلہ پر اخبار مارکیٹ ایبٹ آباد کے قیام کی نہ صرف منظوری دی ہے بلکہ اس کیلئے رقم بھی مختص کر دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اخبار مارکیٹ کی تعمیر کیلئے اراضی کی ذمہ داری ٹی ایم اے کو سونپی ہے اس لئے اب ہمیں امید ہے کہ تحصیل ناظم اخبار مارکیٹ کیلئے جگہ فراہم کریں گے۔

اس موقع پر تحصیل ناظم محمد اسحق ذکریا نے اخبار فروش یونین ایبٹ آباد کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اخبار مارکیٹ کے قیام کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ ایبٹ آباد پریس کلب کے سابق صدور میر محمد اعوان اور محمد عامر شہزاد جدون نے اس موقع پر کہا کہ اخبار فروش اخباری صنعت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کو اخبار مارکیٹ کیلئے فنڈ مہیا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :