’’راول ایکسپو انٹرنیشنل ‘‘کے انعقاد کی تیاریاں جاری

’’راول ایکسپو انٹرنیشنل ‘‘ 10 سے 14مئی تک منعقد ہو گی،خورشید برلاس

جمعہ 17 فروری 2017 16:36

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ’’راول ایکسپو انٹرنیشنل ‘‘کے انعقاد کے لیے بھرپور تیاریاں جاری ہیں اور سٹالز کی بکنگ میں مختلف تجارتی اداروں کی دلچسپی بڑھ گئی ہے ۔ ’’راول ایکسپو انٹرنیشنل ‘‘ 10 سے 14مئی تک منعقد ہو گی ۔اپنی نوعیت کی منفرد نمائش میں رواں برس مقامی مینو فیکچررز کی شرکت کے ساتھ ساتھ خواتین انٹرپرنیورز اور گھریلو دستکاریوں کی شرکت بھی یقینی بنائی جائے گی ۔

راولپنڈی چیمبر کی ایگزیبیشن کمیٹی کے وائس چیئرمین و ریجنل ٹریڈ کمیٹی کے چیئرمین خورشید برلاس نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی کے شہریوں کے لیے ’’راول ایکسپو انٹرنیشنل ‘‘اپنی نوعیت کی منفرد نمائش ثابت ہو گی اور اسے کارپوریٹ سطح پر آرگنائز کرنے کی تیاریاں جاری ہیں ۔

(جاری ہے)

خورشید برلاس نے بتایاکہ قبل ازیں راولپنڈی چیمبر کے زیر اہتمام ہر سال وژن کے عنوان سے نمائش کا انعقاد کیا جاتا تھا جبکہ گذشتہ تین برس سے اسے ’’راول ایکسپو ‘‘ کا نام دیا گیاہے ۔

انہوںنے بتایاکہ نمائش میں راولپنڈی کے شہریوں کی دلچسپی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے رواں برس اس نمائش میں انٹرنیشنل کارپوریٹ سیکٹر کی شمولیت کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں ۔خورشید برلاس نے بتایاکہ ’’راول ایکسپو انٹرنیشنل ‘‘10مئی 14مئی تک ٹوپی رکھ آڈیٹوریم ایوب پارک میں منعقد ہوگی ۔نمائش میں شرکت کے خواہش مند تجارتی اداروں کے سٹالز کی بکلنگ تیزی سے جاری ہے ۔